18وارداتیں ،شہری لاکھوں کی نقدی، زیورات وقیمتی اشیاء سے محروم
لاہور(سپیشل رپورٹر،کرائم رپورٹر)شہر میں چوری و ڈکیتی کی 18وارداتیں ، شہر ی لاکھوں نقدی ، طلائی زیورات، موبائل فونز، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سے محروم ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے ڈیفنس میں ناصر سے 4لاکھ روپے اور موبا ئل فون،کوٹ لکھپت میں امجد سے 2 لاکھ نقدی اور موبائل فون، قلعہ گجر سنگھ میں عبداللہ سے 3لاکھ 65ہزار نقدی اور موبائل فون،قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں عارف سے 3لاکھ روپے اور موبائل فون،ستوکتلہ میں جمشید سے 2لاکھ80ہزار روپے اور موبائل فون،شالیمار میں عمر سے 2لاکھ نقدی اور موبائل فون چھین لیا ۔علاوہ ازیں لیاقت آباد کے علاقے میں اتفاق ہسپتال علاج کی غرض سے فیملی کے ہمراہ آنیوالے شہری
افضل کو ڈاکو نے چھرے کے وار سے زخمی کرتے ہوئے 10 ہزار روپے نقدی لوٹ لی اور گاڑی لے کر فرار ہوگیا،زخمی افضل کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ دوسری طرف نامعلوم افراد نے شالیمار کے علاقے میں لیڈیز سوٹ کی دکان سے 13 لاکھ روپے کے سوٹ، فیکٹری ایریا میں اشرف کے گھر سے 9 لاکھ روپے کی نقدی وطلائی زیورات ، اسی علاقے میں ڈسٹری بیوٹر ملازم الماس نے لاکر سے 10لاکھ روپے ،گلبرگ کے علاقے میں غلام مرتضیٰ نے مالک کی غیر موجودگی میں اس کے گھر سے 20لاکھ کے طلائی زیورات اور دیگر سامان ،قلعہ گجر سنگھ میں چور نے گودام سے 24 لاکھ کے سگریٹ اور شیرا کوٹ میں نامعلوم خواتین نے ریحانہ یوسف کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا،علاوہ ازیں نامعلوم افراد نے نواب ٹاؤن اور لوئرمال سے 2گاڑیاں جبکہ اقبال ٹاؤن،کوٹ لکھپت، اسلام پورہ سے 3 موٹرسائیکلیں چوری کر لیں، شہر میں بڑھتی وارداتیں پولیس کیلئے چیلنج بن گئیں۔