بلوچستان واقعات حقوق کی جدوجہد نہیں، دہشتگردی ہے ، وزیر دفاع
دہشتگرد ترقی برداشت کرتے نہ امن، اسی لیے مسافروں، عام شہریوں کو نشانہ بناتے دہشتگرد، سہولت کار، بیرونی ہینڈلرز سب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ، خواجہ آصف
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ کسی ’’حقوق کی جدوجہد‘‘کا نام نہیں، بیرونی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی ہے ، جس کا ہدف پاکستان بھی ہے اور بلوچستان کے اپنے لوگ بھی، یہ عناصر نہ ترقی برداشت کرتے ہیں نہ امن، اسی لیے دہشتگرد مزدوروں، مسافروں اور عام شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہناتھا دہشتگرد ترقی کے منصوبے اور روزگار کے مواقع تباہ کرنا چاہتے ہیں، یہ گروہ منشیات پر چلنے والی معیشت، بھتہ خوری اوراسمگلنگ سے مالی مدد لیتے ہیں، سی پیک جیسے منصوبوں کے خلاف سازش کرتے ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے دہشت گردی کی تشہیر اور نوجوانوں کی بھرتی کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا ریاست پرعزم ہے ، ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مورال بلند ہے ، ہم دہشتگرد، سہولت کار اور بیرونی ہینڈلرز سب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔