بسنت :پتنگ بازی کے سامان کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ
تیاریاں عروج پر،دوسرے روز بھی پتنگ اور ڈور کی 18 کروڑ کی خریداری کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر رواں سال 1ہزار729 افراد گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر،آئی این پی )لاہور میں بسنت فیسٹیول کے شروع ہونے میں 2دن باقی، شہر بھر کی مارکیٹوں میں پتنگ بازی کے سامان کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ،دوسرے روز بھی پتنگوں اور ڈور کی خریداری 18 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔دوسری طرف لاہور پولیس کی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ،شہر بھر میں جاری آپریشنز کے دوران رواں سال ابتک 1ہزار729 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری کو بسنت منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، لبرٹی چوک میں نصب پاکستان کی سب سے بڑی پتنگ شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی،وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی جانب سے تیار کردہ لکھن کٹ کی یہ دیوہیکل پتنگ 10روز میں تیار کی گئی ہے ۔
ادھر لاہوریوں نے دو دن میں پتنگوں ،گڈیوں اور ڈور کی خریداری پر مجموعی طور پر 34 کروڑ روپے خرچ کر ڈالے ۔ ذرائع کے مطابق دوسرے روز چھ لاکھ سے زائد گڈے اور پتنگیں فروخت ہوئیں۔ ادھرکینٹ ڈویژن پولیس نے غیر قانونی پتنگ فروشوں و کیمکل ڈور فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران گزشتہ رو ز 9 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔چوکی نادر آباد پولیس نے ملزم عمران ،غازی آباد پولیس نے 5 پتنگ فروشوں ، چوکی سپر ٹاؤن اور مناواں پولیس نے 3 پتنگ فروشوں شاہ زیب خان، عبدالسعید، عبدالحنان وغیرہ کو گرفتار کرکے قبضے سے ہزاروں مالیت کی 355 پتنگیں اور ممنوعہ کیمیکل ڈور کی 47 چرخیاں برآمد کیں،ملزموں کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے ۔ ترجمان پولیس کے مطابق رواں سال جنوری میں 1645 مقدمات درج کر کے ملزموں سے 93 ہزار سے زائد پتنگیں اور 2100 سے زائد چرخیاں برآمد کی جا چکیں۔