نوازشریف اورمریم نواز سے ایران کے سفیر کی ملاقات
تجارت، توانائی اور علاقائی صورتحال پرگفتگو،دو طرفہ تعلقات بڑھانے کا عزم وزیراعلیٰ کی سرمایہ کاری کی دعوت،ایرانی عوام ہمیشہ دعاؤں کا حصہ :سربراہ ن لیگ
لاہور(دنیانیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اوروزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے اسلامیہ جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے گزشتہ روز ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، توانائی اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کی گئی، دونوں رہنماؤں نے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایرانی سرمایہ کاروں کی زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ساتھ دینے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔
نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے جوا نمردی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا،مریم کو کہا ہے کہ دورہ ایران میں ساتھ جاؤں گا اور ایران کی بہادری کو وہاں جاکر سلیوٹ کروں گا۔ نواز شریف نے کہا ایران کے سپریم لیڈر کے دل میں خوف خدا ہے ، ایرانی عوام ہمیشہ دعاؤں کا حصہ رہے ہیں۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو جسم، ایک روح کی مانندہیں،محمد نواز شریف جیسے عظیم لیڈرکی عالم اسلام کو بہت ضرورت ہے ۔نواز شریف خطے کی صورتحال سے مکمل آگا ہ ہوں گے لیکن پاکستان کو بڑاسمجھتے ہوئے ملکر باتیں کرنے میں دلی سکون محسوس کرتے ہیں اورایرانی عوام اور حکومت کی طرف سے معاملات نواز شریف کے علم میں لانا ضروری سمجھتا ہوں۔ہم نواز شریف کو پاکستان کی حفاظت کرنے والا ستون سمجھتے ہیں۔ سپریم لیڈر کو دنیا کے کسی ملک کے لئے اتنی تاکید کرتے نہیں دیکھا جتنی وہ پاکستان کے لئے کرتے ہیں۔