میر ے اپنے نام کا نیٹ میٹرنگ کا کنکشن نہیں لگ رہا، افضل چن
ڈسکوز میں ڈیڑھ لاکھ رشوت کا ریٹ ہے ، عوامی سماعت کے د وران انکشاف سولر صارفین کا سالانہ 270 ارب کا بوجھ نان سولرصارفین اٹھا رہے ، حکام
اسلام آباد(نامہ نگار)نیپرا میں نیٹ میٹرنگ کی عوامی سماعت کے د وران پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے انکشاف کیا کہ میر ے اپنے نام کا نیٹ میٹرنگ کا کنکشن نہیں لگ رہا۔ سماعت کے دوران حکام نے بتایاکہ سولر صارفین کا سالانہ 270 ارب روپے کا بوجھ نان سولرصارفین اٹھا رہے ہیں، اگر صورتحال جاری رہی تو نان سولرصارفین پریہ بوجھ 628ارب روپے سالانہ تک بڑھ سکتا ہے ۔ جمعہ کو نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز پر نیپرا اتھارٹی نے عوامی سماعت کا انعقاد کیا۔ سماعت کے د وران پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے شرکت کی ۔سماعت کے د وران ڈی جی لائسنسنگ نیپرا نے بتایاکہ گزشتہ دو سال میں سولرائزیشن میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، نیٹ میٹرنگ کا مقصد ریونیو جنریشن بڑھا نا نہیں تھا ،سالانہ بنیادوں پر سولرائزیشن میں تین فیصد اضافہ ہواہے ۔ اس وقت سسٹم میں سولر کی پیداوار6 ہزارمیگاواٹ ہے ۔ بجلی کمپنیوں نے کہاہے کہ پاورفیکٹرکم ہورہاہے ۔ ڈی جی لائسنسنگ نے بتایاکہ لوگوں نے غیرقانونی طور پر خود سے صلاحیت میں اضافہ کرلیا ۔نیٹ میٹرنگ صارفین کے معاہدوں کو پانچ سال تک کیا جائے گا۔ پرانے صارفین کے معاہدے سات سالوں پر ہی برقرار رہیں گے ۔
پرانے صارفین کیلئے بائی بیک نرخ برقرار رہیں گے ۔ پی پی ایم سی حکام نے بتایاکہ سولر صارفین کے باعث گرڈ عدم استحکام کا شکار ہورہاہے ۔ اس وقت پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد دگنی ہوگئی ہے ۔ جس طرح سولرائزیشن بڑھ رہے یہ 7 ہزارمیگاواٹ تک پہنچ چکی ہے ۔ سال 2034 تک نیٹ میٹرنگ 14 ہزارمیگاواٹ تک پہنچ جائے گی ۔ممبر نیپرا مقصود انور نے کہاکہ جب تک نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز میں ترامیم نہیں ہوتی ڈسکوزکنکشن فراہمی نہ روکیں۔اگر ڈسکوز نے عملدرآمد نہیں کیا تو ان کے خلاف سخت ایکشن ہوگا ۔ سماعت کے د وران پی پی پی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہاکہ ڈسکوز میں 50 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت کا ریٹ ہے ۔ چالیس پچاس سال میں اگر گرڈ نہیں بن سکے تو اس کی سزا صارفین کوتو نہ دیں۔ سولرائزیشن کو ہماری ڈسکوز نے کبھی تسلیم ہی نہیں کیا ۔ ندیم افضل چن نے کہاکہ ویلڈنگ کرنے والا پنکچر لگانے والا سولر لگا کر اپنا کاروبار کررہاہے ۔آپ آئی پی پیز کے سامنے بول نہیں سکتے کیونکہ وہ بڑے لوگ ہیں۔ میں خود پیسے دے کر ٹرانسفارمر ٹھیک کراتا ہوں ۔ میرے اپنے نام کا نیٹ میٹرنگ کا کنکشن نہیں لگ رہا ۔گیپکو کا نیٹ میٹرنگ کے کنکشن کا ریٹ دو لاکھ ہے ۔اگر سولر ریگولیشنز میں صارف کیخلاف تبدیلی کی گئی تو عدالت جائونگا۔