نواز شریف ،حمزہ ، جنید نے بسنت منائی ، شہباز شریف نہ منا سکے
ہوٹلز کی بکنگ ڈبل ریٹس پر مکمل رہی،تقریباً 10ارب کی خریدو فروخت 5 فروری تک ڈورپنا 10سے 15 ،سات فروری تک25ہزار میں فروخت 90فیصد موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈ ز ،ڈرونز سے مکینوں کی چھتوں کی نگرانی اندرون وشمالی لاہور ،انارکلی میں15لاکھ گھروں کی چھتوں پر بسنت منائی گئی
لاہور (عمران اکبر )شہر لاہور میں لانگ ویک اینڈ اختتام پذیر ہو گیا ،مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ،حمزہ شہباز، جنید صفدر ،مریم اورنگزیب ،عظمٰی بخاری سمیت ن لیگی و سیاسی شخصیات نے اندرون شہر میں بسنت منائی۔ وزیر اعظم شہباز شریف مصروفیات کی بنا پر بسنت نہ مناسکے ۔اندرون و بیرون ملک سے لوگوں نے کثیر تعداد میں لاہور کا رخ کیا ،فائیو، فور، تھری سٹارز سمیت چھوٹے بڑے ہوٹلز کی بکنگ ڈبل ریٹس پر مکمل پیک رہی، ملینیم نے جنریشن زی کو بسنت پر پتنگ بازی سکھائی۔ ایکس جنریشن نے خوب مہمان نوازی کی۔ الفا جنریشن نے بھی ضد کر کے بسنت پر پتنگ اڑائی ،چھتوں پر میلے کا سماں بندھا رہا،رات کے اوقات میں آسمان روشنیوں سے نہا گیا ،محتاط اندازے کے مطابق تقریباً 10ارب روپے کی پتنگ، ڈور کی خریدو فروخت کی گئی۔دوسری جانب سرکاری پتنگ ، ڈور کی ایک ارب روپے کی خریداری کی گئی۔یکم فروری سے 5 فروری تک ڈور پنا 10سے 15ہزار جبکہ6 سے 7 فروری تک ڈور پنا 25ہزار روپے میں فروخت ہوا ،تاوا گڈا 500، ڈیڑھ تاوا800 روپے میں کھلے عام فروخت کیا گیا ،90فیصد موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز لگائے گئے۔
پنجاب پولیس کے ڈرونز سے مکینوں کی چھتوں کی نگرانی کی گئی ، 25سال کے بعد لاہور میں ہونے والی بسنت نے لاہوریوں کو مہمان نوازی کا بڑا موقع فراہم کیا، چھوٹی بڑی چھتوں کو اپنے اپنے مزاج کے مطابق سجایا گیا۔اعدادو شمار کے مطابق لاہور میں اندرون شہر ،شمالی لاہور ،انارکلی، اسلام پورہ، سنت نگر ،مزنگ ،سمن آباد، گلشن راوی، اقبال ٹائون،گرین ٹائون ،ٹائون شپ ،ٹھوکر ،چونگی امرسدھو،والٹن،فردوس مارکیٹ ، مکہ کالونی ،گڑھی شاہو، ریلوے سٹیشن ،ملتان روڈ ،داروغہ والا، راوی روڈ،بادامی باغ ،آزادی چوک،سبزہ زار، موہنی روڈ، کریم پارک ،بند روڈ، ماڈل ٹائون، اچھرہ ، باغبانپورہ ،رام گڑھ ،فتح گڑھ ،باٹا پوراور شاہدرہ سمیت15لاکھ سے زائد گھروں کے مکینوں نے اپنی چھتوں پرتین دن و رات خوب بسنت میلہ منایا ،نئی آبادیوں سمیت کچھ پرانی آبادیوں میں ویلنشیا ٹائون ،رائیونڈ،مانگامنڈی، ایل ڈی اے ایونیو، مال روڈ ، ماڈل ٹائون ،گلبرگ ،کیولری گرائونڈ، ڈیفنس ،جوہر ٹائون، ،واپڈا ٹائون ،کیمپس، ایکسپو و دیگر ملحقہ علاقوں میں 30فیصد پتنگ بازی کی گئی ،ان علاقوں کے مکینوں نے اندرون شہرسمیت دیگر علاقوں کا رخ کر کے بسنت منائی۔