ایرانی حملوں کی 51 ویں لہر، آبنائے ہرمز امریکا اور اس کے اتحادیوں کے علاوہ سب کیلئے کھلی ہے: عراقچی

تہران، واشنگٹن، ریاض: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق کے تحت حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردیا، خلیجی ممالک میں امریکی تنصیبات اور اسرائیل کو نشانہ بنایا، ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے تیل لینے والے ممالک خود سکیورٹی یقینی بنائیں، امریکیوں کو مشرقِ وسطیٰ سے نکلنے کی فوری ہدایت کر دی گئی، اسرائیل انٹرسیپٹر میزائل کی کمی کا شکار، برطانیہ مدد بھیجنے کے لیے تیار ہو گیا۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق کے تحت حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردیا، پاسداران انقلاب کے مطابق سعودی عرب الخرج میں امریکی فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا جہاں ایف 35 اور ایف 16لڑاکا طیاروں کے تربیتی مراکز کونشانہ بنایا، پاسداران انقلاب نے بتایا کہ 51 واں حملہ شہید ابو القاسم بابائیان اور ان کی زوجہ کی یاد میں کیا گیا۔

ادھر عرب میڈیا کے مطابق 15 روز میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں ایران میں 1444 افراد شہید ہوئے۔ اسرائیلی حملوں سے لبنان میں 826 افراد شہید ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل میں 14 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 15 روز میں ایرانی حملوں میں 11 امریکی فوجی مارے گئے، یواے ای میں 6، سعودیہ عرب میں 2 ، عراق میں 26، کویت میں 6، عمان میں 3، بحرین میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

ایران کی بھارت کے دو بحری جہازوں کو گزرنے کی اجازت

ایران نے بھارت کے 2 بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی۔

اس سے پہلے ایران ترکیہ کے ایک بحری جہاز کو بھی آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے چکا ہے۔

ترکیہ کو اجازت ملنے کے بعد فرانس اور اٹلی نے اپنے جہازوں کو نکالنے کے لیے ایران سے براہ راست رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیتن یاہو کے قتل کی خبرافواہ ہے: دفتر اسرائیلی وزیراعظم

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے نیتن یاہو کے قتل کی خبر کو افواہ قرار دیدیا اور کہا کہ وزیراعظم نیتن یاہو خیریت سے ہیں۔

امریکی و اسرائیلی حملوں سے ایران کی 43 ہزار عمارتیں تباہ

یہ حملے 28 فروری سے جاری ہیں، ایرانی حکومت کے ترجمان کے مطابق تباہ ہونے والی ان 43 ہزار میں سے 36500 عمارتیں اقامتی یونٹس ہیں۔

صرف تہران میں امریکا اور اسرائیل نے 10 ہزار عمارتوں کو نشانہ بنایا جن میں 43 ایمرجنسی طبی مراکز اور وہاں کھڑی 32 ایمبولینسیں، اور 120 اسکولز شامل ہیں۔

ایرانی حکومتی ترجمان کے مطابق امریکی و اسرائیلی حملوں مین 223 خواتین شہید ہوئی ہیں، شہادت پانے والے ٹیچرز اور طلبہ کی تعداد 206 ہوچکی ہے۔

فجیرہ پورٹ پر آگ لگ گئی

ایران نے متحدہ عرب امارات کی فجیرہ پورٹ پر ڈرون حملہ کیا ہے، جس کے بعد متاثرہ مقام پر تیز آگ بھڑک گئی، حملے کے بعد فجیرہ پورٹ پر کچھ آئل لوڈنگ آپریشنز معطل ہوگئے، متاثرہ مقام پر خوف ناک آگ لگ گئی اور علاقہ دھواں دھواں ہوگیا۔

اماراتی حکام کے مطابق فضائی دفاع نے نو بیلسٹک میزائل اور تینتیس ڈرون تباہ کردیے۔

تل ابیب میں 20 دھماکے

اسرائیل پر بھی ایران کے جوابی حملے جاری ہیں، تل ابیب میں بیس دھماکے ہوئے، جن سے متعدد مقامات پر آگ لگ گئی۔

یہ بھی پڑھئے: ایرانی حملوں کی 50ویں لہر: جنگ میں اب تک 1450 ایرانی شہید، 14 اسرائیلی، 13 امریکی ہلاک

ایرانی افواج نے امریکا کو خطے سے اپنی صنعتیں منتقل کرنے کی وارننگ دی ہے اور کہا کہ جن فیکٹریوں میں امریکی شیئرز ہیں وہ ان سے دور رہیں۔

ایرانی افواج نے دبئی کی جبل علی پورٹ، ابوظبی کی خلیفہ پورٹ اور فجیرہ پورٹ کے قریب رہائشیوں کو امریکی اڈوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

برطانیہ کا مشرقِ وسطیٰ میں ہزاروں انٹرسیپٹر ڈرون بھیجنے پر غور 

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیرِ اعظم سر کیئر اسٹارمر مشرقِ وسطیٰ میں ہزاروں انٹرسیپٹر ڈرون بھیجنے پر غور کر رہے ہیں۔

فوجی حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آکٹوپس نامی انٹرسیپٹر اینٹی ڈرون سسٹم کو مشرقِ وسطیٰ میں ایران کیخلاف استعمال کیا جا سکتا ہے یا نہیں، یہ انٹرسیپٹر برطانیہ میں تیار کیا جاتا ہے اور پہلے ہی یوکرین کو روس کے خلاف دفاع کے لیے فراہم کیا جا چکا ہے۔

امریکا آبنائے ہرمز کیلئے  بھیک مانگنے پر مجبور ہو گیا: عباس عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو طعنہ دیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کی حفاظت کے لیے چین سے بھیک مانگنے پر مجبور ہوچکا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز امریکا اور اس کے اتحادیوں کے علاوہ سب کیلئے کھلی ہے، خطے میں امریکی سکیورٹی کی چھتری میں بہت سے سوراخ ہوچکے ہیں اور وہ مشکلات سے بچانے کے بجائے مشکلات کو دعوت دینے کا سبب بن رہی ہے۔

عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے جمعے کو ہمارے خارگ جزیرے پر حملے دبئی اور راس الخیمہ کے قریب سے ہیمرز میزائل سسٹم سے کیے تھے،ایران ان حملوں کا جواب دے گا لیکن اس بات کا خیال رکھے گا کہ شہری آبادی کو نقصان نہ پہنچے۔

ایران کی شرائط مناسب نہیں: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران ڈیل کرنا چاہتا ہے لیکن وہ اس وقت ایسا کرنے کے لیے تیار نہیں کیوں کہ شرائط ابھی اتنی مناسب نہیں ہیں، آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے کئی ممالک نے مدد کا وعدہ کیا ہے، آبنائے ہرمز سے تیل لینے ممالک راستے کی سکیورٹی یقینی بنائیں،

ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکہ نے تیل برآمدات کے لیے اہم ایرانی جزیرے خارگ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے لیکن مزا لینے کے لیے شاید ہم اسے چند بار اور نشانہ بنائیں۔

مجتبیٰ خامنہ ای کی موت کی خبروں کو افواہ قرار دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ میں سن رہا ہوں کہ وہ زندہ نہیں ہیں اور اگر وہ زندہ ہیں تو اپنے ملک کی خاطر سمجھداری سے کام لیتے ہوئے انھیں ہتھیار ڈال دینے چاہئیں۔

چین کے بعد روس کی ایران کو انسانی امداد 

کینیا میں روسی سفارت خانے کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ روس کا ایک Il-76 کارگو طیارہ 13 ٹن سے زیادہ طبی سامان لےکر آذربائیجان پہنچا، جہاں سے یہ امداد ایرانی حکام تک منتقل کی جائے گی۔

روسی وزارت ہنگامی حالات کے مطابق یہ امدادی کھیپ ادویات اور طبی سامان پر مشتمل ہے، آذربائیجان سے امدادی سامان ٹرکوں کے ذریعے سرحد کے راستے ایران بھیجا جائےگا۔

دوسری طرف چین نے بھی ایران کے شہر مناب میں سکول حملہ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے، جو ایرانی ہلال احمر کے ساتھ مل کر متاثرہ خاندانوں تک پہنچایا جائے گا۔

اسرائیلی حملے میں ایرانی فوج کے بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی شہید

ایرانی فوج نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملے میں بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی شہید ہوگئے ہیں۔

ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ صیہونی ادارے کی جانب سے کیے گئے حملے کے بعد وطن کے دفاع کے دوران بریگیڈیئر جنرل عبداللہ جلالی نے جامِ شہادت نوش کیا، وہ دشمن کے حملے کے وقت دفاعی کارروائیوں کی قیادت کر رہے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں