سوات میں بجلی کی 22کلومیٹرنئی ٹرانسمیشن لائن بچھانے پراتفاق
مدین سے لیکرخوازہ خیلہ گرڈ سٹیشن تک پن بجلی کی ترسیل کیلئے نئی لائن بچھائی جائے پیسکواورپیڈو منصوبے پرجلدکام کا آغازکرینگے ،نئی لائنز ترقی کیلئے گیم چینجر:سیکرٹری توانائی
پشاور(این این آئی)خیبرپختونخواحکومت نے اپنے وسائل سے جاری توانائی منصوبوں سے پیداہونے والی سستی پن بجلی کی ترسیل کے سلسلے میں نیپراکی ہدایات کی روشنی میں ضلع سوات میں ایک نئی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے منصوبے کا فیصلہ کیاہے ،پشاورالیکٹر ک سپلائی کمپنی (پیسکو) اورپختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) کے درمیان ضلع سوات میں 22کلومیٹرطویل ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کے سلسلے میں اتفاق رائے ہوگیا ہے ۔ منصوبے پر آئندہ چند روز میں تعمیراتی کام کا بھی جلد آغازہوجائیگا۔جس سے صوبے کو سالانہ اربوں روپے کی بچت اورآمدن ہوگی۔ اس سلسلے میں سیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمد کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،جس میں چیف ایگزیکٹو پیڈوانجینئرانوارالحق،ایڈیشنل سیکرٹری پاوراینڈایڈمن انورخان، پیسکوکے ڈائریکٹرجنرل MIRADعاطف جوادودیگرسینئرافسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ توانائی کے ذیلی ادارے پیڈوکے سوات کوریڈورمیں جاری پن بجلی کے منصوبوں کی تکمیل اورمٹلتان سوات سے بحرین تک 40کلومیٹرٹرانسمیشن لائن کے جاری منصوبے اوراسکے خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی گئی،اس موقع پر سیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمدنے پیڈوکی ٹرانسمیشن لائنوں کوبچھانے کے لئے آئندہ سالوں میں مکمل ہونے والے توانائی منصوبوں کے لئے گیم چینجرقراردیا ۔