کمزور طبقات حقوق کے تحفظ کیلئے پاکستان،نیدرلینڈ،سویڈن پرعزم
انسانی حقوق کے فرو غ کیلئے نیدرلینڈز ،سویڈن کی شراکت داری قابل ستائش:اعظم نذیر
اسلام آباد(دنیا رپورٹ)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے نیدرلینڈز کے سفیر برائے انسانی حقوق مسٹر وِم گیرٹس اور سویڈن کی سفیر برائے انسانی حقوق ایرینا شوگلِن نیونی نے اپنے اپنے وفود کے ہمراہ مشترکہ ملاقات کی، اس موقع پر سیکرٹری وزارتِ انسانی حقوق، عبدالخالق شیخ بھی موجود تھے ،جس میں پاکستان میں انسانی حقوق کے جاری اقدامات، قانون سازی میں پیش رفت اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے انسانی حقوق کے فروغ کے لیے نیدرلینڈز اور سویڈن کی مسلسل شراکت داری کو سراہا۔
انہوں نے ادارہ جاتی کامیابیوں، پالیسی اقدامات اور عوامی تحفظ سے متعلق اصلاحات پر روشنی ڈالی جو شہریوں بالخصوص کمزور طبقات کے تحفظ، انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے متعارف کرائی گئی ہیں۔وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو بلا امتیاز مساوی حقوق اور مساوی سلوک کی ضمانت دیتا ہے ، وفود نے پاکستانی خواتین اور سول سوسائٹی کے کردار کو سراہا جو انسانی حقوق کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کر رہی ہیں۔ملاقات کے اختتام پر فریقین نے مسلسل مکالمے ، تعاون کے فروغ اور پالیسیوں کے بروقت نفاذ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا تاکہ بالخصوص خواتین، بچوں، اقلیتوں اور دیگر کمزور طبقات کے حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور ایک محفوظ، کھلے اور منصفانہ معاشرے کے قیام کو فروغ دیا جا سکے ۔