سندھ کابینہ:انڈس ڈیلٹا کا مزید 4 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ محفوظ جنگلات قرار
کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن، صوبائی ای اسٹیمپنگ نظام کی مقامی سطح پر منتقلی، انفرااسٹرکچر سیس تنازع کے حل کے لیے فریم ورک، صارف عدالتوں کو ٹریفک عدالتوں کا درجہ دینے۔
کراچی بی آر ٹی ریڈ لائن کے لیے زمین کے استعمال میں تبدیلی، انڈس ڈیلٹا میں کا مزید 4 لاکھ سے زائد ایکڑ کا رقبہ محفوظ جنگلات قرار دے دیا گیا پولیس حدود کی تنظیم نو، لاڑکانہ میں بڑی سبزی و فروٹ منڈی کے قیام اور خصوصی عدالتی تعیناتیوں کی توثیق کی منظوری دی گئی۔پاکستانی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بورڈ آف ریونیو نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سندھ رجسٹریشن (ترمیمی)بل 2025 پیش کیا۔ مجوزہ ترمیم کے تحت سندھ میں پاکستانی سفارتی مشنز اور سفارت خانوں میں آن لائن سیل ڈیڈ کی تکمیل کو وسعت دی جائے گی۔ اوورسیز پاکستانیوں کو رجسٹریشن دفاتر میں ذاتی طور پر پیش ہونے سے استثنیٰ دیا جائے گا۔کابینہ نے صوبائی ای اسٹیمپنگ نظام کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی منتقل کرنے کی بھی منظوری دی۔ سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ پانچ سالہ ماسٹر سروس معاہدہ تجویز کیا گیا جس کے تحت ماہانہ سروس چارج 70 لاکھ روپے ہوگا اور سالانہ 10 فیصد اضافہ شامل ہوگا۔