سیکرٹریٹ پر دھرنے میں شریک احتجاجی اساتذہ و سٹاف کو نوٹس، جواب طلب
لاہور(خبرنگار)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنے اور احتجاج میں شرکت کرنے والے اساتذہ اور نان ٹیچنگ سٹاف کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے متعدد ملازمین سے تحریری وضاحت طلب کر لی گئی ۔ذرائع کے مطابق احتجاج میں شریک اساتذہ اور عملے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران احتجاج میں شرکت سے متعلق جواب طلب کیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام کا کہنا کہ ضابطہ کار کے تحت معاملے کا جائزہ لے کر آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تعلیمی حلقوں میں اس پیشرفت پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، جبکہ متاثرہ ملازمین کی جانب سے بھی اپنے مو قف کی تیاری کی جا رہی ہے۔