انڈونیشیا نے دفاعی صلاحیت بڑھانے کیلئے پاک فضائیہ سے مدد مانگ لی

انڈونیشیا  نے  دفاعی  صلاحیت  بڑھانے  کیلئے  پاک  فضائیہ  سے  مدد  مانگ  لی

ایئر چیف مارشل ظہیر بابر کی صدر پرابوو سوبیانتو ، وزیر دفاع سے ملاقاتیں، عسکری قیادت سے بھی ملے انڈونیشیا کی جدید ترین تربیتی نظام اور ایئرو سپیس ترقیاتی ڈھانچے میں دلچسپی، ظہیر بابر کو میڈل آف آنر عطا

اسلام آباد،جکارتہ(سپیشل رپورٹر،دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے انڈونیشیا کا سرکاری دورہ کیااور انڈونیشین صدر اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، اس دوران انڈونیشیا نے دفاعی صلاحیت بڑھانے کیلئے پاک فضائیہ سے مدد مانگ لی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے ملاقات کے دوران پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مشترکہ اقدار اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اُجاگر کیا گیا۔انڈونیشین صدر نے پاک فضائیہ کے جدید ترین تربیتی نظام اور ایئرو سپیس ترقیاتی ڈھانچے سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، ایئر چیف نے انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)جعفری شمس الدین سے بھی ملاقات کی۔ دوسری جانب ایئر چیف انڈونیشین نیشنل آرمڈ فورسز کے کمانڈر اور انڈونیشین ایئر مارشل سے بھی ملے ، ظہیر احمد بابر سدھوکو تمام مقامات پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔انڈونیشین ایئر چیف نے آپریشنل اور فلائنگ ٹریننگ کو مزید بہتر بنانے کیلئے پاک فضائیہ کی معاونت مانگ لی جبکہ ایئر چیف کو انڈونیشین فضائیہ کا اعلیٰ ترین اعزاز میڈل آف آنر عطا کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں