حافظ نعیم کی فضل الرحمٰن سے ملاقات،غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کی مخالفت

حافظ  نعیم  کی  فضل  الرحمٰن  سے  ملاقات،غزہ  پیس  بورڈ میں  شمولیت  کی  مخالفت

عیدالفطر کے بعد تحریک چلائیں گے :سربراہ جے یو آئی ، خدشہ ہے حکومت غزہ فوج بھیجے گی:امیر جماعت اسلامی عمران کو جیل میں صحت کی تمام سہولتیں دینی چاہئیں :فضل الرحمن کا بیان ، ساجد نقوی سے سانحہ ترلائی پر تعزیت

اسلام آباد،لاہور،پشاور،کراچی (اپنے رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی وفد کے ہمراہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات، غزہ پیس بورڈ، ملک میں جاری دہشتگردی کی لہر و امن و امان کی صورتحال سمیت سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔دوسری طرف مولانافضل الرحمن نے اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد نقوی سے ان کی رہائش گاہ پر جاکر سانحہ ترلائی پر تعزیت کی ،اس موقع پر شہدا کیلئے فاتحہ خوانی،زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔

دریں اثناء حافظ نعیم الرحمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کو خوش آمدید کہتا ہوں ، 19 فروری کو ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کا اجلاس ہونے جا رہا ہے ، اجلاس میں پاکستان کی شرکت کسی صورت مناسب نہیں ،عیدالفطر کے بعدبھر پور ملک گیر عوامی تحریک چلائیں گے ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسلامی ممالک کو بھی چاہئے کہ قومی و ملی غیرت کا مظاہرہ کریں اور اجلاس میں شرکت نہ کر یں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی پاکستان ایک دفعہ فلسطینیوں کا قتل عام کر چکا، کیا آپ ایک بار پھر وہی عمل دہرائیں گے ، فلسطین میں فوج بھیجنا پاکستان کو اسرائیل کے شانہ بشانہ کھڑا کرنا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملاقات میں ملکی اور بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ، ہمیں خدشہ ہے حکومت غزہ میں فوج بھیجے گی،جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا کہ پاکستان آئی ایس ایف کا حصہ بنے ۔

قبل ازیں ایک بیان میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ انسانی ہمدردی اور ہماری مشرقی روایات کا تقاضا یہی ہے کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے لیڈر عمران خان کو جیل کے اندر صحت کی تمام تر سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں ، انہیں اپنی مرضی کے ڈاکٹر سے معائنہ کی اجازت بھی ملنی چاہئے ، انہوں نے کہا کہ پورے پختونخوا میں بالعموم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بالخصوص دہشتگردوں کے پولیس فورس پر حملوں نے پوری سوسائٹی کو ہلا کر رکھ دیا۔ دوسری طرف ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ رمضان کے بعد آئی پی پیز کیخلاف دوبارہ بھرپور تحریک شروع کرینگے ، پی ٹی آئی اور دیگر اپوزیشن جماعتیں غزہ امن بورڈ میں حکومت پاکستان کی شمولیت کے خلاف ہماری تحریک کا ساتھ دیں ، شہباز شریف نے ٹرمپ کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرکے قومی وقار کا سودا کیا،فارم 47 سے مسلط حکمرانوں کو اپنے مرضی کے فیصلے کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں