فیلڈ مارشل کی امریکی وزیر خارجہ ودیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں

فیلڈ مارشل کی امریکی وزیر خارجہ ودیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں

مارکو روبیو کے ساتھ عالمی و علاقائی سلامتی، انسداد دہشتگردی میں تعاون پر گفتگو جرمن وزیر داخلہ و دیگر حکام اور برازیلی فوجی قیادت سے بھی اہم امور پربات چیت

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جرمنی کا 3 روزہ دورہ کیا، میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات سے عالمی و علاقائی سلامتی امور پر اہم ملاقاتیں کیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 12 سے 14 فروری تک جرمنی کا تین روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے 62 ویں میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر متعدد عالمی شخصیات اور اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

جرمن حکام سے ملاقاتوں کے سلسلے میں انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ الیگزینڈر ڈوبرنٹ، جرمن چانسلر کے خارجہ و سلامتی امور کے مشیر گنٹر سوٹر اور جرمن مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس جنرل کارسٹن بریور سے بھی ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں عصری سکیورٹی چیلنجز، دوطرفہ دفاعی تعاون اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے دوطرفہ و کثیرالجہتی مکالمے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ سٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگئیار فریرے سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ فوجی تعاون کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔مزید برآں لبنانی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل نے بھی ان سے ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات زیرِ بحث آئے ۔فیلڈ مارشل کا یہ دورہ پاکستان کے عالمی دفاعی و سفارتی روابط کے فروغ اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں