وزیر اعظم کا 2تا5 مارچ دورہ روس، پیوٹن سے ملاقات کرینگے
مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان روس بزنس فورم کا بھی انعقاد کیا جائے گا
اسلام آباد (الماس حیدرنقوی)وزیرِاعظم شہباز شریف 2سے 5مارچ تک روسی فیڈریشن کا سرکاری دورہ کرینگے جہاں وہ اعلیٰ سطح ملاقاتیں کریں گے ، اس دورن پاکستان و روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں جبکہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پاکستان روس بزنس فورم کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم اپنے دورے کے دوران روسی صدر ولاد ی میر پیوٹن سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور روس کے تعلقات میں بتدریج وسعت آ رہی ہے اور دونوں ممالک اقتصادی و تزویراتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ توانائی کے شعبے میں تعاون، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت متوقع ہے ۔دورے کے دوران پاکستان-روس بزنس فورم کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں دونوں ممالک کے سرکردہ کاروباری رہنما، سرمایہ کار اور سرکاری نمائندگان شرکت کریں گے ۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم کا یہ دورہ پاکستان کی متوازن اور فعال خارجہ پالیسی کا عکاس ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر شراکت داریوں کو وسعت دینا اور ملکی معیشت کو مستحکم بنانا ہے ۔