مرد عورتوں کے محافظ ہیں، قاتل نہیں سپریم کورٹ ،شوہر کی اپیل خارج
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) سپریم کورٹ نے بیوی کو قتل کرنے والے منشیات کے عادی شوہر وارث مسیح کی اپیل خارج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا جس میں سزائے موت عمر قید میں تبدیل کی گئی تھی۔
جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ ، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل تین رکنی بینچ نے تحریری فیصلہ جاری کیا جو جسٹس محمد ہاشم کاکڑ نے تحریر کیا۔ عدالت عظمیٰ نے فیصلے میں قرار دیا کہ مرد عورتوں کے محافظ ہیں، قاتل نہیں۔ خواتین معاشرے کی برابر کی رکن ہیں اور تحفظ، احترام اور وقار کی حق دار ہیں۔ معمولی باتوں پر خواتین کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک اور بہیمانہ تشدد کیا جا رہا جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ریاست پر لازم ہے کہ جامع قانون سازی، مؤثر نفاذ اور معاون پروگراموں کے ذریعے خواتین پر ظلم کا سدباب کرے ۔ خواتین کا تحفظ آئین کے آرٹیکل 9 (حقِ زندگی و آزادی) اور آرٹیکل 25 (برابری) کے تحت ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے ۔