سندھ کابینہ کا 33.7ارب روپے کا ایمرجنسی پیکیج منظور
گل پلازہ متاثرین کو7 ارب،کے ایم سی سڑکوں کیلئے 8ارب کی منظوری
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ نے فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی رسپانس نظام کی جدید کاری اور نیا ابتدائی انتباہی عوامی الرٹ سسٹم متعارف کرانے کیلئے 33.7 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ اور سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 کو جدید بنانے ، 100 فائر ٹینڈرز، 35 واٹر باؤزرز، اسنارکلز، 50 آل ٹیرین وہیکلز اور فائر فائٹنگ ڈرونز کی خریداری کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے خواتین زرعی مزدوروں کو مساوی اجرت، زچگی مراعات اور قانونی تحفظ دینے کیلئے قواعد 2026 کی منظوری دی اور بے نظیر خواتین زرعی مزدور کارڈ جاری کرنے کی تجویز منظور کی۔کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کیلئے 8,530 ملین روپے ، گل پلازہ متاثرین کیلئے 7ارب روپے اور کے ایم سی سڑکوں کیلئے 8ارب کی منظوریدی گئی۔کابینہ نے سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین کی تقرری، کراچی اور الماتے کے درمیان سسٹر سٹی معاہدے اور دیگر اہم فیصلوں کی بھی توثیق کی۔