محی الدین وانی نیشنل کوآرڈی نیٹر خدمت مراکز تعینات

محی الدین وانی نیشنل کوآرڈی نیٹر خدمت مراکز تعینات

وفاقی و صوبائی اداروں میں رابطہ کاری ڈیجیٹل ہم آہنگی کو فروغ دیا جائیگا کوآرڈی نیٹر محکموں ،اداروں کے درمیان فوکل پرسن کے طور پر کام کرینگے

 اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کرنے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو باہم مربوط بنانے کے لئے وفاقی سیکر ٹر ی وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی کو نیشنل کوآرڈی نیٹر خِدمت مراکز تعینات کر دیا ،کابینہ سیکر ٹریٹ کے جاری احکامات کے مطابق وزیراعظم کی منظوری سے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 22 کے افسر اور وفاقی سیکر ٹر ی وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی بطور نیشنل کوآرڈی نیٹر خِدمت مراکز اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ،نیشنل کوآرڈی نیٹر براہِ راست وزیراعظم کے ماتحت ہوں گے اور اپنی کارکردگی رپورٹس وزیراعظم کو پیش کریں گے، جبکہ انتظامی طور پر ان کا رابطہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن کے ساتھ ہوگا۔

مراسلے کے مطابق نیشنل کوآرڈی نیٹر وفاقی اداروں، اسلام آباد کی انتظامیہ اور صوبوں کے درمیان رابطہ کاری کو فروغ دیں گے ، وہ اسلام آباد میں خِدمت مراکز کے نفاذ اور کارکردگی کی نگرانی کریں گے اور ملک بھر میں ڈیجیٹل معیار کو ہم آہنگ بنانے کے لئے اقدامات کریں گے ۔وفاقی سطح پر نیشنل کوآرڈی نیٹر مختلف وزارتوں، ڈویژنز، محکموں اور اداروں کے درمیان فوکل پرسن کے طور پر کام کریں گے تاکہ عوامی خدمات کی فراہمی کو مؤثر اور بہتر بنایا جا سکے ۔ اس سلسلے میں باقاعدہ رابطہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے ، درپیش رکاوٹوں سے متعلق ضرورت پڑنے پر وزیراعظم آفس کو آگاہ کیا جائیگا ۔کابینہ ڈویژن نے تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نیشنل کوآرڈی نیٹر کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ خِدمت مراکز کے ذریعے عوام کو بہتر اور تیز تر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں