چمن : گھر میں گیس سلنڈر دھماکا، بچوں اور خواتین سمیت 8 جاں بحق، 25 زخمی

چمن : گھر میں گیس سلنڈر دھماکا، بچوں اور خواتین سمیت 8 جاں بحق، 25 زخمی

بچے روزانہ افطارکے وقت لسی لینے آتے تھے ، کچن میں رکھاسلنڈر پھٹ گیا 2کمرے زمین بوس ،زخمی ہسپتال منتقل ،بعض کی حالت تشویشناک

چمن (نامہ نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک)صوبہ بلوچستان کے شہر چمن کے علاقے طور پل میں ایک گھر کے کچن میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوگئے ۔چمن پولیس کا کہنا ہے کہ 20 کلو وزنی گیس سلنڈر  اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے باعث گھر کے 2کمرے زمین بوس ہوگئے جبکہ متعدد کمرے منہدم ہو گئے ، دھماکے کی شدت سے قریبی مکانات کو بھی نقصان پہنچا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ملبے سے 5 بچوں کی لاشیں نکا لی گئی ہیں جبکہ دیگر جاں بحق افراد میں خواتین بھی شامل ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ تخریبی پہلو کا جائزہ لیا جا سکے ۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ گیس سلنڈر دھماکا معلوم ہوتا ہے تاہم حتمی رپورٹ آنے کے بعد ہی اصل وجوہات سامنے آئیں گی۔ علاقہ مکینوں کے مطابق بچے روزانہ افطار کے وقت اس گھر میں لسی لینے آیا کرتے تھے کہ اسی دوران اچانک گیس سلنڈر پھٹ گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں