عمران ، بشریٰ کی سزاؤں کیخلاف اپیلیں مقرر کرنیکا حکم

عمران ، بشریٰ کی سزاؤں کیخلاف اپیلیں مقرر کرنیکا حکم

190ملین پاؤنڈ کیس میں اپیل 11مارچ کو مقرر کریں:اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اورجسٹس اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 190 ملین پاؤنڈمیں سزا معطلی کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواستیں منظور کرتے ہوئے سزامعطلی کی درخواستیں 11 مارچ کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ وکلا بیرسٹرسلمان صفدر، سلمان اکرم راجہ، خالد یوسف ، سردار مصروف خان اور دیگرعدالت پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تینوں بہنیں،فلک نازچترالی،شاندانہ گلزار اور دیگر بھی کمرہ عدالت موجود تھے ۔سماعت شروع ہونے پر وکلا کی کثیر تعداد روسٹرم پر آگئی،چیف جسٹس نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ کیاہے ، کیا آپ عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں؟،چیف جسٹس نے وکلا کو نشستوں پر بیٹھنے کی ہدایت کردی۔بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کو میڈیکل گراؤنڈ پر جیل سے باہر لایا گیا،علاج کیلئے ہسپتال لایاگیا،اپیل پر سماعت نہیں مانگ رہا،ایک سال سے سزا معطلی کی درخواست زیر التوا ہیں،پانچ بار متفرق درخواستیں دائر کرچکے ،رجسٹرار آفس ہماری جلد سماعت کی درخواستیں مقرر نہیں کر رہا،عمران خان کی آنکھ کا مسئلہ بھی ہے ، بشریٰ بی بی خاتون ہیں ،اب یہ معاملہ جلدی سماعت کا بھی ہے ،پیر یا آئندہ ہفتے کیلئے مقرر کر دیں،عدالت نے استفسار کیاکہ کیلنڈر ہے آپ کے پاس ؟،اس موقع پر عدالتی عملے نے کیلنڈر عدالت کو پیش کیا،عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواستیں جلد سننے کی استدعا منظور کرتے ہوئے 11 مارچ کو سماعت مقرر کرنے کا حکم دے دیا ، چیف جسٹس نے کہاکہ پہلے سے فائل جلد سماعت کی درخواستیں غیر مؤثر ہوچکی ہیں۔

دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر اعتراضات دورکرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو اپیلوں پر نمبر لگا کر مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر اور سلمان اکرم راجہ سمیت وکلاء اور بانی کی تینوں بہنیں بھی پیش ہوئیں،بیرسٹر سلمان صفدرنے کہاکہ رجسٹرار آفس نے ہماری اپیل پر اعتراضات لگا دئیے تھے ،ہمیں اُن اعتراضات کا علم ہی نہیں تھا، سزا معطلی کی درخواستیں دائر کیں تو پتہ چلا کہ اعتراضات ہیں،اپیلوں پر ایسے اعتراضات لگائے گئے جو بنتے ہی نہیں تھے ،رجسٹرار آفس نے وکالت نامہ پرانا ہونے کا اعتراض لگایا ،اب خود ہی ختم کر کے وہی تسلیم کر لیا،آفس نے اعتراض لگایا کہ فلیگ نہیں لگے ہوئے ، ترتیب درست نہیں۔جسٹس خادم سومرو نے کہاکہ آپ کی اپیلوں پر باقی اعتراض دور کر رہے ہیں۔بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ ایک اعتراض ہے کہ صفحات پر فلیگ نہیں لگے ہوئے ، یہ کیا اعتراض ہے ۔جسٹس خادم حسین سومرو نے مسکراتے ہوئے کہاکہ وکیل صاحب صفحات کو فلیگ کر لیں،جب اعتراضات دور کر دئیے گئے تو کیس اعتراضات کے ساتھ کیوں مقرر ہے ؟،ہم آپ کو سات دن کا وقت دے رہے ہیں جو اعتراضات ہیں وہ دور کر لیں۔بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ ہمارے لیے پہلے بہت پریشانیاں ہیں یہ آسانی تو ہو جائے ،رجسٹرار آفس خود کنفیوژن پیدا کر رہا ہے ،آپ کی عدالت میں پہلی بار پیش ہوئے ہیں، خالی ہاتھ نہ جائیں۔ جسٹس خادم سومرو نے کہاکہ آپ کو خالی ہاتھ نہیں بھیجیں گے ، آپ کی دونوں درخواستیں منظور کی جاتی ہیں۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی دو متفرق درخواستیں منظور کر لیں۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی مرکزی اپیل پر اعتراضات دور کرنے ،اپیلوں پر اعتراضات دور کرنے کا وقت بڑھانے کی متفرق درخواست بھی منظورکرلی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں