افغان سر زمین کا پاکستان کیخلاف استعمال نا قابل قبول ،سمجھوتہ نہیں ہوگا:شہباز شریف

افغان  سر  زمین  کا  پاکستان  کیخلاف  استعمال  نا  قابل  قبول ،سمجھوتہ  نہیں ہوگا:شہباز  شریف

وزیراعظم کا دورہ جی ایچ کیو، فیلڈ مارشل عاصم منیراورعسکری قیادت سے ملاقات ،سرحدی صورتحال پرتفصیلی بریفنگ عدم برداشت کی پالیسی اپنائی جائے گی :شہباز شریف ،چینی سفیر کی وزیراعظم سے ملاقات ،چینی قیادت کا پیغام پہنچایا

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار) وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا  اور فیلڈ مارشل، چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر سمیت عسکری قیادت سے ملاقات کی۔ انہیں پاکستان افغانستان سرحدی صورتحال، سکیورٹی چیلنجز اور حالیہ پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیرِ اعظم کو سکیورٹی فورسز کی آپریشنل تیاریوں، سرحدی نگرانی کے نظام اور دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا،اس موقع پرفیلڈمارشل ، چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر اور اعلیٰ عسکری قیادت بھی موجود تھی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کے گٹھ جوڑ اور پاکستان کے خلاف شرپسند کارروائیوں پر عدم برداشت کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ناقابل قبول ہے اور ریاست اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے ہر دم تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

وزیرِ اعظم نے سرحدی علاقوں میں دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے اور بھرپور جوابی کارروائی پر افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن قومی سلامتی پر کسی قسم کی آنچ برداشت نہیں کی جائے گی۔بعدازاں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے چین کے صدر شی چن پنگ ، وزیراعظم لی کیانگ ، چینی قیادت اور عوام کو نئے چینی سال کے پرمسرت موقع پر اپنی پرتپاک مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ انہوں نے اقتصادی، سلامتی اور ترقیاتی محاذوں پر پاکستان کیلئے چین کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے زراعت ، آئی ٹی ، کان کنی اور معدنیات میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم کو چین پاکستان تعلقات میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور چینی قیادت کا نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ ملاقات میں خطے اور اس سے باہر امن،استحکام اور خوشحالی میں کردار ادا کرنے کیلئے قریبی رابطہ کاری اور مشاورت کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں