محکمہ انسداد دہشتگردی پنجاب کو جدید وسائل سے آراستہ کرنیکا فیصلہ
پہلے مرحلے میں تھانوں کو 16 سنگل کیبن ڈالے ،افسروں کو 4گاڑیاں دی جائینگی لاجسٹک برانچ خریداری کریگی، دوسرے مرحلے میں جدید ہتھیار دئیے جائینگے
لاہور (مد ثر حسین سے )دہشت گردی کے خطرات پر قابو پانے کیلئے محکمہ انسداد دہشتگردی پنجاب(سی ٹی ڈی)کو جدید وسائل سے آراستہ کرنے کا فیصلہ ۔پہلے مرحلے میں سی ٹی ڈی کے تھانوں کو نئی گاڑیاں دی جائیں گی،دوسرے مرحلے میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس مزید ہتھیار دئیے جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،جلد نقل و حرکت کیلئے سی ٹی ڈی کے تھانوں اوراعلیٰ افسر وں کو نئی گاڑیاں دی جائیں گی ۔سی ٹی ڈی کے تھانوں کیلئے 15 کروڑ روپے سے 16 سنگل کیبن ڈالے اور 7 کروڑ روپے میں اعلیٰ افسر وں کیلئے 2 ڈبل کیبن ڈالے اور 2 فارچونر گاڑیاں خریدی جائیں گی،آئی جی پنجاب کی لاجسٹک برانچ گاڑیوں کی خریداری کرے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں محکمہ انسداد دہشتگردی کو جدید ہتھیار بھی دئیے جائیں گے تاکہ فتنہ الخوارج کو سی ٹی ڈی کے جوان رات کے اندھیرے میں ہی دور سے ٹارگٹ کر سکیں ۔واضح رہے سی ٹی ڈی کے پا س پہلے ہی جدید ہتھیار موجود ہیں،حالیہ دہشت گردی کی لہر کو دیکھتے ہی مزید جدید ہتھیار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔