اداروں کو چوکس رہنے، موثرسکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت
وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں سکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ایران میں موجود پاکستانیوں کو آذربائیجان کے راستے واپس لائیں :شہبازشریف
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کو مستعد و چوکس رہنے ، جامع اور موثر سکیورٹی کو یقینی بنانے ، وزارت خارجہ کو ایران سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر دم تیار ہیں۔وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں مجموعی سکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس لاہور میں ہوا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ تمام ادارے مضبوط باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں ، سکیورٹی ادارے موجودہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ ہیں اور ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں موجود پاکستانیوں کو آذر بائیجان کے ذریعے بحفاظت پاکستان لایا جائے ، اس کیلئے وزارت خارجہ آذربائیجان کی حکومت سے فوری رابطہ کرے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر دم تیار ہیں۔
چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر قیادت افواجِ پاکستان قومی جذبے کے ساتھ بہترین انداز میں اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں ۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے ۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ،وفاقی وزیر اطلاعات عطا اﷲ تارڑ ، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔