اعلیٰ ایرانی قیادت کی شہادت المناک،دکھ میں شریک صدر مملکت
قیمتی جانوں کا ضیاع امن وسلامتی کیلئے چیلنج،بلاول،پوری امت غمزدہ، ایرانی بھائیاں کیساتھ کھڑے ہیں :اویس لغاری رہنما کی شہادت ریاستی دہشتگردی ،بیرسٹر گوہر،اقوام متحدہ خاموش کیوں؟فوری جنگ بندی ،سفارتی حل ناگزیر :شیخ وقاص
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور ایران کی دیگر اعلیٰ قیادت کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں ایرانی قوم کے ساتھ کھڑا ہے ۔ اپنے بیان میں صدرمملکت نے کہا کہ ہم ایران کے غم میں برابر کا شریک ہے ، ایسے قدآور رہنما کے انتقال پر پوری مسلم دنیا میں گہرائیوں سے احساس کیا جائے گا، اللہ اس مشکل وقت میں ایرانی عوام کو صبر و استقامت عطا فرمائے ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت کی خبر ایران سمیت پوری دنیا میں صدمے کا باعث بنی ہے ،تشدد اور جنگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع خطے میں امن اور سلامتی کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے ۔
وفاقی وزیر پاور سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور حکومت اس مشکل گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں ۔ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نے نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کو غمزدہ کردیا ہے ۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کے بجائے اپنے جذبات کا اظہار پرامن طریقے سے کریں۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کی خبر سے دلی صدمہ ہوا ہے ۔ آج تمام مسلم دنیا کے لیے غم اور افسوس کا دن اور مقام ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران کسی ملک کے لئے خطرہ نہیں تھا، اپنا دفاع ایران کا حق تھا جبکہ رجیم چینج کے لیے لیڈر کو مارنا کرمنل ایکٹ اور اسٹیٹ ٹیررازم ہے ۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ایران کے عوام کے امن، وقار اور حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں’خطے کو جنگ کی آگ میں دھکیلا جا رہا ہے ’اقوامِ متحدہ اس کھلی خلاف ورزی پر خاموش کیوں ؟ فوری جنگ بندی اور سفارتی حل ناگزیر خطے کے امن کو داؤ پر کیوں لگایا گیا ؟ ۔