ایران کشیدگی:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 10فیصد بڑھ گئیں
برینٹ خام تیل 80ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، 100ڈالر فی بیرل مہنگا ہونیکا امکان اوپیک پلس ممالک کا تیل کی پیداوار میں یومیہ 4لاکھ 11ہزار بیرل تک اضافے کا اعلان
لندن،ماسکو (رائٹرز)عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اتوار کو تقریباً 10 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جس سے برینٹ خام تیل 80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے ، یہ اضافہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث ہوا ہے ۔ امریکی اور اسرائیلی حملوں اور ایران کے ردعمل نے آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل میں خطرے کو بڑھا دیا ہے ، جو دنیا کے خام تیل کا پانچواں حصہ لے جاتی ہے ۔ توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال بدستور جاری رہی تو تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے ۔ تیل کے ذخائر، متبادل راستوں اور پیداوار میں اضافے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں امریکااسرائیل کی جنگ اور ایران کے جوابی حملوں کے باعث تیل کی سپلائی اور شپمنٹ شدید متاثر ہونے پر اوپیک پلس رکن ممالک نے اتوار کو پیداوار میں اضافے پر بحث کی۔اوپیک پلس ممالک نے خام تیل کی پیداوار میں یومیہ4لاکھ 11ہزار بیرل اضافے کا اعلان کیا ہے ، قبل ازیں اوپیک پلس کی یومیہ پیداوار 1لاکھ 37ہزار بیرل تھی ۔