خلیجی سٹاک مارکیٹس شدید مندی کا شکار ، یو اے ای مارکیٹ 2 دن کیلئے بند

 خلیجی سٹاک مارکیٹس  شدید مندی کا شکار ، یو اے ای مارکیٹ  2 دن کیلئے بند

سعودی بینچ مارک انڈیکس میں 4فیصد ، عمان میں 3،مصر میں 5اعشاریہ44 فیصد کمی، کویت میں بھی سٹاک ٹریڈنگ معطل سرمایہ کار سونے اور بانڈز کی طرف منتقل ہو رہے ،تیل کی قیمتیں بڑھنے سے منڈیوں میں مزید اتار چڑھاؤ ممکن ہے :ماہرین

ریاض،دبئی ،کویت سٹی(نیوز ایجنسیاں) مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث خلیجی سٹاک مارکیٹس شدید مندی کا شکار ہو گئیں ،یو اے ای حکام نے پیر اور منگل کو سٹاک مارکیٹس بند رکھنے کا حکم دے دیا،ایرانی میزائل اور  ڈرون حملوں کے بعد ہنگامی فیصلہ کیا گیا ، خبر ایجنسی کے مطابق ابوظہبی سکیورٹیز ایکسچینج اور دبئی فنانشل مارکیٹ دو دن بند رہیں گی، امارات کی مارکیٹس میں اربوں ڈالر کے اثاثے عارضی طور پر معطل کر دئیے گئے ،دبئی حکام نے اتوار کو اعلان کیا کہ اس اقدام کا مقصد بڑھتے ہوئے اقتصادی عدم استحکام کے درمیان سرمایہ کاروں کو جائزہ اور خطرات کے تخمینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

کیونکہ خلیجی منڈیوں نے پہلے ہی کشیدگی کے باعث بھاری نقصان اٹھایا ہے سعودی عرب کے بینچ مارک انڈیکس میں 4 فیصد سے زائد کمی، عمان کے انڈیکس میں 3 فیصد جبکہ مصر میں 5اعشاریہ44 فیصد کمی ہوئی ، کویت نے بھی سٹاک ٹریڈنگ مکمل طور پر معطل کر دی، خطے میں معاشی دباؤ اور سرمایہ کاروں میں تشویش بڑھ گئی ہے جب کہ تیل کمپنیوں کے حصص کچھ حد تک فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ سرمایہ کار تیل کی بڑھتی قیمتوں اور عالمی عدم استحکام کے باعث محفوظ اثاثوں جیسے سونے اور بانڈز کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ منڈیوں میں مزید اتار چڑھاؤ ممکن ہے کیونکہ تیل کی قیمتیں بڑھنے اور سپلائی خطرات مارکیٹ پر دباؤ میں اضافہ کر رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں