شجاعت حسین سے ایران و ترکیہ کے قونصل جنرلز کی ملاقات
رہنماؤں میں پاکستان،ایران اور ترکیہ کے باہمی تعلقات،خطے کی صورتحال پر گفتگو ایران ، امریکا کشیدگی خطے کیلئے خطرہ،اقوام متحدہ کردار ادا کرے :سابق وزیراعظم
لاہور (سیاسی نمائندہ)سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین سے ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر اور ترکیہ کے قونصل جنرل مہمت ایمن سیمسک نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین، وفاقی وزیر اوور سیز پاکستانیز چودھری سالک حسین اور چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ محمد منتہیٰ اشرف بھی موجود تھے ۔ملاقات کے دوران پاکستان،ایران اور ترکیہ کے باہمی تعلقات و خطے کی بدلتی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔دونوں سفارت کاروں نے چودھری شجاعت کی خیریت دریافت کرتے کہاکہ آپ عالمی حالات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ شجاعت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران و امریکا کے درمیان کشیدگی خطے اور عالمی امن کیلئے خطرہ بن چکی ،عالمی امن کیلئے کشیدگی کا فوری خاتمہ ناگزیر ہے ،جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی،مذاکرات ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ موثر سفارت کاری کے ذریعے خطے کو جنگ کی صورتحال سے نکالا جائے ،اس سلسلہ میں اقوام متحدہ کو خطے میں جنگ رکوانے کیلئے اپنا فوری اور موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔صوبائی وزیرِ صنعت وتجارت نے کہاکہ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں،افواج پاکستان اور قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، باہمی اتحاد کی قوت سے امن کے دشمنوں کو شکست دیں گے ۔