خامنہ ای کی مخبری ملتے ہی رات کا حملہ دن کو کرنا پڑا

 خامنہ ای کی مخبری ملتے ہی رات کا حملہ دن کو کرنا پڑا

خفیہ اطلاع اسرائیل کو دی گئی جس نے صبح 9:40 بجے حملہ کردیا: نیویارک ٹائمز

واشنگٹن (اے ایف پی)امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی اس مخبری نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی جان لی جس کے مطابق وہ ہفتے کو ایک اجلاس میں شریک ہونیوالے تھے ۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے آپریشن سے براہ راست واقف ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ امریکی انٹیلی جنس ایجنسی نے مہینوں سے آیت اللہ خامنہ ای کی مکمل نگرانی کی تھی۔ انہیں ان کے معمولات اور ممکنہ مقامات کا پتہ چل چکا تھا۔ پھر ایجنسی کو معلوم ہوا کہ ہفتہ کی صبح تہران کے قلب میں ایک قیادت کمپاؤنڈ میں اعلیٰ ترین ایرانی حکام کا اہم اجلاس طے ہے ۔ سب سے اہم بات یہ تھی کہ سپریم لیڈر خود بھی اس اجلاس میں موجود ہونے والے تھے۔واشنگٹن اور تل ابیب نے ابتدائی طور پر ایران پر رات کے اندھیرے میں حملے شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن سی آئی اے کی اس تازہ ترین اور قابلِ اعتماد انٹیلی جنس کی بنیاد پر حکام نے منصوبے میں فوری تبدیلی کر دی۔

امریکا نے یہ انٹیلی جنس اسرائیل کو منتقل کر دی تھی، جس نے ایرانی قیادت پر حملے کا مکمل منصوبہ تیار کیا۔ اخبار کے مطابق اسرائیل نے اس آپریشن کی قیادت خود کی۔آپریشن کا آغاز اسرائیل میں صبح تقریباً 6 بجے ہوا۔ طویل رینج کے میزائلوں نے تہران کے اس قیادت کمپاؤنڈ پر صبح 9:40 بجے حملہ کیا۔کمپاؤنڈ میں ایک عمارت میں ایرانی قومی سلامتی کے اعلیٰ حکام موجود تھے ، جبکہ آیت اللہ خامنہ ای اس کے قریب ایک الگ عمارت میں تھے ۔بمباری میں خامنہ ای کے علاوہ ایران کے دو اعلیٰ فوجی کمانڈر بھی شہید ہو گئے ۔ ان میں پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل محمد پاکپور اور اعلیٰ سلامتی مشیر علی شمخانی شامل ہیں 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں