پروفیشنلز کا کارکردگی آڈٹ، قواعد تیاری کیلئے دو رکنی کمیٹی قائم
تھرڈ پارٹی آڈٹ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ، کمیٹی کا آج پہلا اجلاس
اسلام آباد (ایس ایم زمان) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وفاقی وزارتوں میں 62سپیشل پروفیشنل پے سکیل اسامیوں پر تعینات افسران کے تھرڈ پارٹی آڈٹ و کارکردگی کی جانچ کے لیے کمپنیوں کے ساتھ قواعد و ضوابط طے کرنے کے لیے دو رکنی کمیٹی قائم کر دی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل شہباز ہمایوں اور ڈائریکٹر بشریٰ ایوب کمیٹی ممبران ہیں، کمیٹی کا کمپنیوں کے ساتھ پہلا اجلاس آج ہو گا۔ مذکورہ افسران میں وفاقی سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر تعینات ماہرین اور پروفیشنلز شامل ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ان کی کارکردگی جانچنے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرے گا۔ ان میں SPPS-I کی 16، SPPS-II کی 15، SPPS-III کی 20 اور SPPS-IV کی 11 اسامیاں شامل اور ماہرین کا تعلق معاشیات، فنانس، آئی ٹی و ٹیلی کام، قانون، توانائی، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں سے ہے ۔ کابینہ ڈویژن (اوگرا)، وزارتِ صنعت و پیداوار، وزارت قانون و انصاف اور وزارتِ داخلہ میں ایک ایک، وزارتِ تجارت، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت (نیوٹیک) میں دو دو، وزارتِ توانائی (پٹرولیم ڈویژن) میں چھ، وزارتِ خزانہ میں 14، وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات بشمول شماریات بیورو میں 18، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق (بشمول ناسڈرا) میں سات سات افسران تعینات ہیں۔