کراچی:ٹرمپ و دیگر کیخلاف مقدمے کی درخواست ناقابل سماعت قرار

کراچی:ٹرمپ و دیگر کیخلاف مقدمے  کی درخواست ناقابل سماعت قرار

کراچی(سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور افغان طالبان کے سربراہ ہیبت اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کی عدالت میں جمشید خواجہ ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل جعفر عباس جعفری ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ عدالت متعلقہ تھانے کو مذکورہ غیر ملکی سربراہان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے ۔ انہوں نے کہا وہ دو بار تھانے گئے مگر ان کی درخواست وصول نہیں کی گئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جن افراد کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے کیا وہ پاکستانی شہری ہیں یا پاکستان میں موجود ہیں؟ اس پر وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر پڑوس میں بھی دہشت گردی کا کوئی واقعہ پیش آئے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوسکتی ہے اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 125 کے تحت یہ سزا کے لائق جرم ہے ۔

عدالت نے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ مطمئن کریں کہ پاکستان پینل کوڈ کس طرح کسی دوسرے ملک کے شہری پر لاگو ہوسکتا ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے اور درخواست گزار چاہیں تو عالمی عدالت انصاف سے رجوع کریں۔ اس موقع پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف میں صرف حکومتیں ہی رجوع کرسکتی ہیں جبکہ اس جنگ کے باعث پاکستان کے لاکھوں لوگ پریشان ہیں۔ پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وکلا غیر ملکی سربراہوں کے خلاف مقدمہ درج کرانا چاہتے ہیں، تاہم ایسا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ مذکورہ غیر ملکی سربراہان نے پاکستان کے کسی علاقے میں دہشت گردی کی ہو، اس لیے اس درخواست پر مقدمہ درج نہیں کیا جا سکتا۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں