پنجاب اسمبلی میں ایران پر حملوں کیخلاف مذمتی قرارداد جمع
حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی،عالمی برادری فوری جنگ بندی کرائے :متن
لاہور (سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں ایران پرامریکی و اسرائیلی حملوں کے خلاف مذمتی قراردادجمع کروا دی گئی ۔ رکن پنجاب اسمبلی شیخ امتیاز محمود کی جانب سے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی قرارداد میں حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بچوں سمیت دیگر کی شہادت پر اظہار افسوس کیا گیا اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر اہل خانہ سے تعزیت کی گئی ہے ۔ قرارداد کے متن کے مطابق ایران کی خودمختاری پر حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں،مسلم دنیا اور عالمی برادری فوری جنگ بندی کرائے اور اقوام متحدہ جارحیت کی تحقیقات کرے ۔ قرار داد کے مطابق سکول پر حملے میں 180معصوم بچوں کی شہادت انسانیت کے خلاف جرم ہے ،قرار داد میں پاکستان اور ایران کے تاریخی و برادرانہ تعلقات کا بھی ذکر کیا گیا ۔ مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب اسمبلی عالمی امن کیلئے موثر اقدامات کرے ۔