مریم نواز نے چھوٹی صنعتوں کے فروغ کا پلان دیدیا

مریم نواز نے چھوٹی صنعتوں کے فروغ کا پلان دیدیا

سینئر صوبائی وزیر کی سربراہی میں اکنامک ٹرانسفارمیشن کمیٹی تشکیل

لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چھوٹی صنعتوں کے فروغ کا بڑا پلان دے دیا۔ مختلف اضلاع کو مقامی پیداوار،مہارت اور ضروریات کے مطابق انڈسٹریل ہب بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت صوبے میں صنعت سازی کے فروغ کیلئے خصوصی اجلاس ہوا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن کمیٹی تشکیل دے دی۔ 11 رکنی کمیٹی کی سربراہی سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کریں گی اور سیکرٹری فنانس کمیٹی کے سیکرٹری ہونگے ۔ پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن کمیٹی ڈسٹرکٹ لیول اور اکنامک میپنگ کے ذریعے پوٹینشل کی نشاندہی کرے گی۔ مقررہ کمیٹی اضلاع میں انڈسٹری کلسٹر بنانے کیلئے سیکٹرز کی ترجیحات کا تعین کرے گی۔

کمیٹی قابل عمل اشاریے اور قلیل المدتی اور وسیع المدتی ٹائم لائن بھی مقرر کرے گی۔ اکنامک ٹرانسفارمیشن کمیٹی پرائیویٹ سیکٹرزکے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعدسیکٹر وائز قابل عمل پلان تیار کرے گی۔ اکنامک ٹرانسفارمیشن کمیٹی مقامی طور پر تیارکردہ ویلیو ایڈڈ پروڈکٹ کو گلوبل ویلیوچین کیساتھ منسلک کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔ کمیٹی اکنامک گروتھ کیلئے پائیدار ایکو سسٹم کی تشکیل پر بھی کام کرے گی۔ اس موقع پر ساہیوال میں ڈیری پراڈکٹ اور فیصل آباد میں ٹیکنیکل ٹیکسٹائل، فرنیچر سٹی اور ڈیری پراسیسنگ کی صنعت کا ہب بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ گوجرانوالہ میں سرجیکل اورسپورٹس کے سامان کا ہب بنانے کے لئے تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں