پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
قیمتوں میں فی لٹر 55 روپے اضافہ قبول نہیں ، حکومت فیصلہ واپس لے :امتیاز محمود مزید قیمت بڑھانے سے مہنگائی میں شدید اضافہ ہوگا :ممبرپنجاب اسمبلی پی ٹی آئی
لاہور(سیاسی نمائندہ)پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے امتیاز محمود کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لٹر 55 روپے اضافے کی شدید مخالفت کی جاتی ہے کیونکہ اس وقت بھی پٹرولیم مصنوعات پر 82 روپے فی لٹر لیوی عائد ہے ،مزید قیمت بڑھانے سے مہنگائی میں شدید اضافہ ہوگا اور یہ اقدام عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ثابت ہوگا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عوام پہلے ہی شدید مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں ،پٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی۔ قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے مو ثر اقدامات کئے جائیں۔