اوگرا کا درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
سوئی ناردرن صارفین کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو 2اعشاریہ22 ڈالرمہنگی ہوگئی
اسلام آباد(نامہ نگار،آئی این پی،اے پی پی)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مارچ 2026ء کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ،اطلاق یکم مارچ سے کر دیا گیا۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اوگرا نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل)صارفین کیلئے ایل این جی کی فی ایم ایم بی ٹی یو کی قیمت میں(2اعشاریہ22 ڈالر)622 روپے اضافہ کر دیا ، جس کے بعد فی ایم ایم بی ٹی یو کی نئی قیمت 13اعشاریہ 55 ڈالر ہو گئی جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل)کیلئے درآمدی ایل این جی کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت میں 634 روپے (2اعشاریہ 26 ڈالر)اضافہ کیا گیا ہے ، جس کے بعد صارفین کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو کی نئی قیمت 12اعشاریہ 53 ڈالر مقرر ہو گئی ۔
ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے جاری بیان کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ بین الاقوامی مارکیٹ میں درآمدی قیمتوں (ڈلیوری ایکس شپ )کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے کیا گیا ۔ دوسری طرف ملک میں تیل وگیس کی پیداوارمیں ہفتہ واربنیادوں پراضافہ ہواہے ۔پی پی آئی ایس اورانڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق 8مارچ کوختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار62ہزار714بیرل ریکارڈ کی گئی جوگزشتہ ہفتہ کے مقابلہ میں 6اعشاریہ 1فیصدزیادہ ہے ،اوجی ڈی سی ایل کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار31ہزار844بیرل،پی پی ایل کی 10ہزار288بیرل،پی اوایل کی 4ہزار 63بیرل اورماڑی گیس کی خام تیل کی اوسط یومیہ پیداوار1ہزار238بیرل ریکارڈکی گئی جو گزشتہ ہفتہ کے مقابلہ میں بالترتیب 5اعشاریہ 9فیصد،9اعشاریہ 2فیصد،6اعشاریہ 3فیصد اور5اعشاریہ 9فیصدزیادہ ہے ۔