ایران پر جنگ تھوپی گئی،دفاع پر مجبور ہیں : ایرانی قونصل جنرل
دشمن امریکا تیل ذخائر پر قبضہ ،اسرائیل کو گریٹر بنانا چاہتا ہے : مہران مواحد فر جنگ بندی کی امریکی کوشش مضحکہ خیز ہے :گفتگو،پیپلزپارٹی کے وفد کی تعزیت
لاہور(سپیشل رپورٹر،این این آئی)ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے کہا ہے کہ یہ جنگ ہم پر تھوپی گئی ، ہم نے اپنا دفاع کرنا ہے ،ہمارے ہمسایہ ممالک میں امریکا کے اڈے ہمارا نشانہ ہیں ،امریکی اڈے عرب ممالک میں بد امنی کا باعث بن چکے ،عرب ہمسائیوں کو سمجھنا چاہیے ہم ان سے بہترین تعلقات چاہتے ہیں ، دشمن امریکا تیل کے ذخائر پر قبضہ اور اسرائیل کوگریٹر اسرائیل بنانا چاہتا ہے لہذا ہمارے پاس اپنے دفاع کے سوا کوئی چارہ نہیں۔وہ ایرانی قونصلیٹ لاہور میں جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنیوالے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وفد میں عائشہ نواز چودھری، بابر جمیل،احسن رضوی،ذیشان شامی،حسین ترمذی،حسنین راجپوت،رانا اشعر نثار،نسیم صابر،فرخ بصیر و دیگر موجود تھے۔
انہوں نے ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ا ی کی شہادت پر تعزیت و فاتحہ خوانی کی ۔اس موقع پر گفتگو میں ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ ہمسائے سے ایران پرہونیوالے حملے پر کیا ہمیں خاموش رہناچاہیے ؟، ہم اس گناہ کا کفارہ ادا کر رہے ہیں جو ہم نے کیا ہی نہیں،انٹر نیشنل اٹامک انرجی کمیشن کہہ چکا کہ ایران ایٹم بم نہیں بنا رہا،اسی بہانے امریکانے پہلے عراق،لیبیااور شام پر حملے کئے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اب ان پر اعتماد نہیں،امریکا اب جنگ بندی کی کوشش کر رہا ہے جو مضحکہ خیز ہے۔
ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستانی حکام اور تمام سیاسی جماعتوں کی ہمدردی پر انکا شکر گزار ہوں، مغرب نہیں چاہتا مسلم ممالک کے درمیان اچھے تعلقات ہوں،امریکا نے ایک سکول پر بمباری کر کے 170بچیوں کو کیوں شہید کیا ؟،ہمارا سامنا ایسے 2 دشمنوں سے ہے جو بچوں کو اذیت دیتے اور قتل کرتے ہیں۔ حسن مرتضیٰ نے کہا کہ دکھ اور غم کی گھڑی میں ہم ایرانی حکومت کیساتھ ہیں ،ایران کے پاس ایٹمی صلاحیت سے خطے میں توازن پیدا ہو گا۔جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے اورخانہ فرہنگ ایران کا دورہ بھی کیا جہاں ڈی جی ڈاکٹر اصغر موسودی نے انکا استقبال کیا ۔