کلائمیٹ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ،نوجوانوں کو ماہانہ 60ہزار روپے دینگے:مریم نواز
طالبات کیلئے 50فیصد نشستیں مختص ، ماحولیاتی آلودگی کے بہتری مشن میں نوجوانوں کی شمولیت کا خیر مقدم :وزیراعلیٰ اسلامی اقدار پر عمل اور ہمارا انفرادی طرز عمل اسلامو فوبیا کو مات دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے :عالمی دن پرپیغام
لاہور(دنیانیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کلائمیٹ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کاآغاز کردیا ۔انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغا م میں کہاکہ کلائمیٹ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کے تحت انٹرنیز کو ماہانہ 60ہزار روپے دئیے جائیں گے جبکہ نیٹ انٹرینز کو حکومت پنجاب کی طرف سے 3ماہ کے بعدانٹرن شپ سرٹیفکیٹ بھی ملے گا، انٹرن شپ پروگرام میں طالبات کیلئے 50فیصد نشستیں مختص کی گئی ہیں جبکہ خود کار میرٹ پر متعلقہ ضلع کی نمائندگی کا موقع بھی ملے گا،پروگرام کے ذریعے یونیسکو سرٹیفکیشن کا اجراء ممکن ہوگا ۔ا ن کاکہناتھاکہ کلائمیٹ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کیلئے آن لائن اپلائی کرنے کی سہولت موجود ہے ،نوجوانepd.punjab.gov.pk/climateinternshipپر29مارچ تک اپلائی کر سکتے ہیں ۔مریم نواز نے کہاکہ ماحولیاتی بہتری کے مشن میں نوجوانوں کی شمولیت کا خیرمقدم کریں گے ،ہر نوجوان کلائمیٹ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ماحولیاتی بہتری میں بھرپور کردار ادا کرسکتا ہے ،خداکے فضل و کرم اور دن رات محنت کے طفیل پنجاب بالخصوص لاہور میں ماحولیاتی آلودگی کا گراف نیچے آرہاہے ۔مریم نواز نے اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ اسلامو فوبیا کی وجہ سے مسلمانوں کے ساتھ ناروا اور امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے ، اسلامو فوبیا قابل مذمت ہے ۔ اسلامو فوبیا ہی ہے کہ فلسطین اور کشمیر میں معصوم مسلمان ظلم و جبر کا شکار ہو رہے ہیں۔ اسلام پُر امن دین ہے اور مسلمان امن پر یقین رکھتے ہیں، اسلام ہی وہ دین ہے جس نے بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دی۔انہوں نے کہاکہ اسلامو فوبیا کی روک تھام کیلئے اقدار کو مثبت انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے ،مسلم ممالک کو آپس کی نااتفاقی ختم کر کے اتحاد کی علامت بننا چاہئے ۔