پاک افواج کے کابل، ننگرہار میں فضائی حملے، لاجسٹک، ایمونیشن، ٹیکنیکل انفراسٹرکچر تباہ
کابل میں ٹیکنیکل سپورٹ انفراسٹرکچر اور ایمونیشن سٹوریج شعلوں کی نذر،ننگر ہار میں چار ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا کرم اور باجوڑ سیکٹر میں گائیڈڈ میزائل سے افغان طالبان کی کئی پوسٹیں تباہ، متعدد خارجی ہلاک،دیگرفرار:سکیورٹی ذرائع
راولپنڈی،اسلام آباد ( دنیا نیوز ) سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت پاک افواج کے افغانستان میں کامیاب فضائی حملے جا ری ہیں ، 16 مارچ کی شب کابل اور ننگر ہار میں افغان طالبان کی فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ، حملوں میں پاک افواج نے کابل میں دو مقامات پر ٹیکنیکل سپورٹ انفراسٹرکچر اور ایمونیشن سٹوریج کو مو ٔثر انداز میں تباہ کیا ۔ اس حوالے سے ویڈیو ز بھی جا ری کی گئی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فضائی حملے کے بعد سیکنڈری ڈیٹونیشن کی وجہ سے بلند ہوتے شعلے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یہ بارود کا بہت بڑا ذخیرہ تھا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا ڈرگ ہسپتال کو نشانہ بنانے کا بیان مضحکہ خیز ہے۔
ننگر ہار میں پاک افواج نے چار مقامات پر افغان طالبان کی ملٹری تنصیبات کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا، ان فضائی کاروائیوں کے دوران ملٹری تنصیبات سے ملحقہ لاجسٹک ، ایمونیشن، ٹیکنیکل انفراسٹرکچر تباہ کیا گیا ۔ آپریشن غضب للحق کے تحت کارروائیاں اہداف کے حصول تک جاری رہیں گی۔ دوسری طرف پاک افواج کی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کیخلاف فیصلہ کن جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق کرم سیکٹرمیں پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر کئی پوسٹیں تباہ کر دیں جبکہ اس دوران کارروائیوں میں متعدد خارجی ہلاک اوران کے باقی ساتھی فرار ہوگئے ۔
قبل ازیں سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے باجوڑ سیکٹر میں پاک افغان سرحد سے ملحقہ افغان طالبان کی پوسٹوں کو مکمل تباہ کر دیا، پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر گائیڈڈ میزائل کے ذریعے بھی افغان طالبان کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔دریں اثنائپاکستان نے کہا ہے افغان طالبان کے اس دعوے میں کوئی حقیقت نہیں کہ افواج پاکستان نے کارروائی کے دوران ہسپتال کو نشانہ بنایا ہے ۔وزارت اطلاعات نے طالبان ترجمان کے دعوے کو جھوٹا اور عوام کو گمراہ کرنے والا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔وزارت اطلاعات کے مطابق 16 مارچ کی شب کابل اور ننگرہار میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کی گئی۔