حیدر آباد:آگ لگنے سے گھر خاکستر، 3 افراد جاں بحق
قاسم آباد میں علی پیلس کے قریب گھر میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑکی خانپور مہر میں بھی 2محنت کشوں کے گھر جل گئے ، جھلس کر خاتون زخمی
حیدر آباد، خانپور مہر (بیورو رپورٹ، نمائندہ دنیا)قاسم آباد کے علاقے علی پیلس کے قریب گھر میں آگ نے پورے گھر کو اپنی لپٹ میں لے لیاریسکیو حکام نے دو گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی۔ آگ میں جھلس کر 3 افراد جاں بحق ہوگئے ،جن میں 2 خواتین، ایک مرد شامل ہیں،ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں محمد شافع صدیقی، ایفہ صدیقی اور ایک 22 سالہ خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی۔ جھلس کر جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ دوسری جانب خانپورمہر کے نواحی گاؤں غلام حسین گڈانی میں محنت کش تحریر گڈانی اور برکت گڈانی کے گھروں میں اچانک چولہے کی چنگاری سے آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دونوں گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے گھروں میں موجود روزمرہ استعمال کی اشیاء، اناج، چارپائیاں، بستر اور دیگر قیمتی سامان جل کر راکھ ہوگیا، واقعے کے دوران گھر میں موجود خاتون مائی پٹھانی جھلس کر زخمی ہوگئی، جنہیں ورثاء نے فوری طور پر گمس گمبٹ ہسپتال منتقل کیا۔ آگ لگنے سے ایک گائے اور ایک بھینس بھی جھلس کر زخمی ہوگئیں۔