آج سے بادل برسانے والا نیا سسٹم ملک میں داخل ہوگا 20 مارچ تک بارشیں متوقع
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آج سے بارشیں برسانے والا نیا سسٹم ملک میں داخل ہو گا جسکے تحت 20 مارچ تک مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش اورپہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے ۔
این ڈی ایم اے نے صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کرکے متعلقہ اداروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ گزشتہ روز لاہور میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کیساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 اور کم از کم 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی ہے ۔ادھرکراچی کا موسم گرم، صبح کے وقت درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ چندروز میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ۔