ایران کے توانائی تنصیبات پر حملے، یورپ میں گیس انتہائی مہنگی، امریکی ایف 35 طیارہ بھی نشانہ بن گیا
قطر کی ایل این جی پیداواری صلاحیت 17فیصد کم ہوگئی ،کویت ، سعودیہ ، ابوظہبی ، اسرائیل میں ایرانی میزائل گرتے رہے ، آئندہ ایرانی گیس فیلڈ کو نشانہ بنانے سے باز رہنا :ٹرمپ کی نیتن یاہو کو ہدایت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے ٹول ٹیکس وصول کیا جائے :ایرانی ارکان پارلیمنٹ ،پینٹا گون نے مزید رقم مانگ لی ،امریکا ، اسرائیل جنگ روک دیں:سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
تہران ، واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں )قطر کے راس لفّان انرجی کمپلیکس پر ایرانی حملے کے بعد برطانیہ اور یورپ میں گیس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوگیا ۔ جمعرات کے روز خلیجی توانائی تنصیبات پرایران کے جوابی حملوں کے بعد یورپ میں گیس کی قیمتیں 28 فیصد بڑھ گئیں جبکہ تیل کی قیمت میں 6 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ اس وقت کی سب سے بڑی معاشی شدت اختیار کرنے والی پیشرفت ہے ۔ قطر کی سرکاری تیل و گیس کمپنی قطر انرجی نے بتایا کہ ایرانی میزائلوں کے راس لفان انڈسٹریل سٹی پر گرنے کے بعد بہت زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ یہ وہ مقام ہے جہاں دنیا کی تقریباً پانچواں حصہ مائع قدرتی گیس (ایل این جی)پراسیس کی جاتی ہے ۔قطر انرجی کے سی ای او سعد الکعبی نے بتایا کہ ایرانی حملوں سے قطری پلانٹ کے ان حصوں کو نقصان پہنچا جو کمپنی کی گیس کا 17 فیصد پیدا کرتے ہیں، اور انہیں ٹھیک کرنے میں 3 سے 5 سال لگیں گے۔
ایران کا یہ حملہ بدھ کے روز اسرائیل کی جانب سے ایران کے بڑے گیس فیلڈ ساؤتھ پارس پر بمباری کے جواب میں کیا گیا۔ بحیرہ احمر پر سعودی عرب کی تیل بیک اپ بندرگاہ پر بھی ایران نے حملہ کیا۔ابوظہبی کے میڈیا آفس نے بتایا کہ ابوظہبی میں ہبشان گیس پلانٹس اور باب آئل فیلڈ پر کام بند کر دیا گیا کیونکہ میزائلوں کو کامیابی سے مار گرانے کے دوران گرے ہوئے ملبے سے خطرہ پیدا ہو گیا تھا ۔کویت میں مینا الاحمدی آئل ریفائنری کو ایرانی ڈرونز نے نشانہ بنایا جس سے آگ لگ گئی ۔اسرائیل کی حیفا آئل ریفائنری کو بھی ایرانی میزائلوں سے نقصان پہنچا ہے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو اسرائیل کے ساؤتھ پارس پر حملے سے پہلے کوئی علم نہیں تھا، اور قطرجو امریکا کا قریبی اتحادی ہے اور خلیج میں سب سے بڑا امریکی فضائی اڈہ رکھتا ہے ،اس میں شامل نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر ایران قطر پر حملے روک دے تو اس کی گیس فیلڈ پر اسرائیل کے مزید حملے بھی نہیں ہوں گے اور اگر ایران دوبارہ قطر پر حملہ کرتا ہے تو امریکا ساؤتھ پارس کو مکمل طور پر تباہ کر دے گا۔
لیکن تین اسرائیلی اہلکاروں نے کہا کہ ساؤتھ پارس پر حملہ امریکا کے ساتھ ہم آہنگی میں کیا گیا تھا۔ایران نے بھی خبردار کیا کہ اگر اس کے اپنے توانائی شعبے کو دوبارہ نقصان پہنچایا گیا تو وہ اپنے خلیجی پڑوسیوں کے تیل اور گیس کے شعبے کو تباہ کر دے گا، جنہیں وہ امریکی مفادات کا حامل سمجھتا ہے ۔جاپانی وزیراعظم کے ساتھ پر یس کانفرنس میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے کہہ دیا ہے کہ ایران کے گیس فیلڈز پر مزید حملے نہ کیے جائیں، میں نے انہیں کہا کہ ایسا نہ کریں، اور وہ ایسا نہیں کریں گے ۔جبکہ ایرانی قانون سازوں نے تجویز پیش کی ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے ٹول ٹیکس وصول کیا جائے ۔ امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکا جلد ایران کے پھنسے ہوئے تیل پر سے پابندیاں ہٹا سکتا ہے ، جس سے عالمی سپلائی بڑھے گی اور آئندہ 10سے 14 دن تک تیل کی قیمتیں کم رہیں گی۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک امریکی ایف 35لڑاکا طیارے کو نقصان پہنچایا ہے ۔ پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی فوج کے ایف 35 سٹریٹجک لڑاکا طیارے کو جدید ترین فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا اور اسے شدید نقصان پہنچایا گیا، اس کے تباہ ہو جانے کا قوی امکان ہے ۔امریکی سنٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ امریکی جنگی طیارے ایف 35 نے ایران کے خلاف مشن میں اڑان بھرنے کے بعد مشرق وسطٰی کے ایک امریکی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران امریکا کو کئی وجوہات کی بنا پر مزید فنڈنگ کی ضرورت ہے ۔
یہ بات انہوں نے اس وقت کہی جب ان سے میڈیا رپورٹس کے بارے میں سوال کیا گیا، جن میں کہا گیا تھا کہ پینٹاگون اس جنگ کیلئے 200 ارب ڈالر طلب کر رہا ہے ۔اس سے قبل جمعرات کو امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے صحافیوں کو بتایا کہ پینٹاگون ایران کے خلاف جنگ کیلئے مزید فنڈز حاصل کرنے کیلئے کانگریس سے رجوع کرے گا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے برسلز میں ایک یورپی یونین کے اجلاس میں امریکا اور اسرائیل سے اپیل کی کہ وہ ایران کے ساتھ اپنی جنگ کو ختم کریں، ورنہ یہ قابو سے باہر ہو جائے گی اور عام شہریوں کیلئے ممکنہ المناک نتائج اور عالمی معیشت کیلئے خطرہ پیدا کرے گی۔ ایران میں جمعرات کو 3 افراد کو پھانسی دیدی گئی جن پر جنوری کے احتجاجی مظاہروں کے دوران پولیس افسروں کو قتل کرنے کا الزام تھا ۔