سی ڈی اے غوری فیز 7 میں مکانات مسمارنہ کرے : ہائیکورٹ
20ہزار رہائشیوں کو بنی گالہ کیس کی روشنی میں ریگولرائزکیاجائے ،درخواست گزار
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی(غوری ٹاؤن فیز 7) کے مکانات گرانے کے نوٹس کے خلاف حکمِ امتناع جاری کرتے ہوئے سی ڈی اے کو تادیبی کارروائی سے روک دیا۔جسٹس اعظم خان نے ایڈووکیٹ آصف گجر کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا، جس میں عدالت نے سی ڈی اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا،عدالت نے سی ڈی اے کو درخواست گزار کے خلاف کارروائی سے بھی روک دیااور کہا درخواست گزار کے مطابق مسماری کا نوٹس رمضان کے مقدس مہینے میں جاری کیا گیا،غوری ٹاؤن فیز 7 کے 20 ہزار رہائشیوں کو ذہنی اذیت اور پریشانی کا سامنا ہے ،درخواست میں غوری ٹاؤن فیز 7 کو بنی گالہ کیس کے فیصلے کی روشنی میں ریگولرائز کرنے کی استدعا کی گئی ہے ،درخواست گزار نے جائیداد پر بجلی اور گیس سمیت دیگر یوٹیلیٹی کنکشنز فراہم کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔