اسحاق ڈار کی چینی وزیرخارجہ سے ملاقات خلیج اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا جائزہ:پاکستان،چین کا5نکاتی امن فارمولا

اسحاق ڈار کی چینی وزیرخارجہ سے ملاقات خلیج اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا جائزہ:پاکستان،چین کا5نکاتی امن فارمولا

کشیدگی کا فوری خاتمہ ،فوری امن مذاکرات ،شہریوں اور غیر فوجی مقامات کا تحفظ ،بحری گزر گاہوں کی حفاظت اور آبنائے ہرمز میں معمول کی آمد و رفت کی جلد بحالی اقوام متحدہ کے تحت جامع امن کیلئے فریم ورک تشکیل دیا جائے :نکات ، دونوں ممالک تمام موسموں کے سٹریٹجک ساتھی:چینی وزارت خارجہ ،ڈار کو ترک وزیر خارجہ کا فون

بیجنگ(نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ سیل )وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی ،پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران خلیج اور مشرق وسطٰی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں امن و امان کی بحالی کیلئے دونوں ممالک نے یہ 5 نکاتی اقدامات تجویز کیے ہیں:1۔ کشیدگی کا فوری خاتمہ کیا جائے اور جنگ سے متاثرہ تمام علاقوں تک انسانی بنیادوں پر امداد کی بلا تعطل رسائی یقینی بنائی جائے ۔2۔ امن مذاکرات فوری طور پر شروع کیے جائیں کیونکہ گفت و شنید اور سفارتکاری ہی تنازعات کے حل کا واحد قابل عمل راستہ ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ایران اور خلیج کی ریاستوں کی خود مختاری، علاقائی سالمیت، قومی آزادی اور سکیورٹی یقینی بنائی جائے ۔ تمام فریقین تنازعات کا پر امن حل تلاش کریں اور مذاکرات کے دوران طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی سے گریز کریں ۔3۔ شہریوں اور غیر فوجی مقامات کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔

توانائی کے مراکز، پانی کو قابل استعمال بنانے والے مراکز اور پر امن مقاصد کیلئے استعمال ہونے والی جوہری تنصیبات پر حملے روکے جائیں۔4۔ بحری گزر گاہوں کی حفاظت کی جائے ۔ آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے جہازوں اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے ، سول اور تجارتی مقاصد کیلئے استعمال ہونے والے بحری جہازوں کو محفوظ راستہ دیا جائے اور آبنائے ہرمز میں معمول کی آمد و رفت جلد از جلد بحال کی جائے ۔5۔ اقوام متحدہ کے تحت جامع امن کیلئے ایک فریم ورک تشکیل دیا جائے ۔قبل ازیں بیجنگ میں چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دونوں وزرائے خارجہ ایران کے معاملے پر سٹریٹجک رابطے اور ہم آہنگی کو مضبوط کریں گے اور امن کیلئے نئی کوششیں کریں گے ۔ انہوں نے چین اور پاکستان کو تمام موسموں کے سٹریٹجک ساتھی قرار دیا۔دریں اثنا اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال کیا۔ ہاکان فیدان نے اسلام آباد میں چار ملکوں کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کیلئے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران مہمان نوازی کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک ترک دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کا اعادہ کرتے ہوئے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں