190ملین پاؤنڈ کیس:پراسیکیوٹر کی سزا معطلی درخواستوں کی مخالفت

190ملین پاؤنڈ کیس:پراسیکیوٹر کی سزا معطلی درخواستوں کی مخالفت

درخواستیں مقرر ہی نہیں:نیب پراسیکیوٹر، سلمان صفدر کی ہدایات کیلئے مہلت کی استدعا پولیس نے بانی کی مارچ کیس میں بریت کے باوجود نیا چالان جمع کرا دیا، داخل دفتر

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواستوں پربیرسٹر سلمان صفدر کی ہدایات لینے کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی کر دی۔ دوران سماعت سپیشل پراسیکیوٹر نیب نے کہاکہ سزا معطلی قابل سماعت پر میں نے دو متفرق درخواستیں دائر کی تھیں،اپیل میں نوٹس نہ ہوا ہو تو سزا معطلی درخواستیں نہیں سنی جا سکتیں، یہ اپیلوں پر دلائل دینا چاہتے ہیں تو آج سے شروع کریں،آج تو سزا معطلی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر ہی نہیں۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ بانی اور بشریٰ بی بی کو 17 جنوری 2025 کو سزائیں ہوئیں،10 ماہ ہو چکے نوٹس ہوئے ، سزا کو 14 ماہ ہو چکے ، ہم سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ ہفتے میں دو دن دن دیں تو کیا آپ اپیل پر دلائل دے سکتے ہیں؟ سلمان صفدر نے کہاکہ بانی اور بشریٰ بی بی سے ہدایات بھی نہیں لیں کہ اپیلوں پر دلائل دیں۔

چیف جسٹس نے کہاکہ آپ ہدایات لے لیں، آئندہ ہفتے اپیل مقرر کر دیتے ہیں؟ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ پچھلی اپیلیں پڑی ہیں وہ پہلے سنی جانی چاہئیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ اگر اپیل مقرر ہو گی تو سزا معطلی نہیں سنی جائے گی۔ بیرسٹر سلمان نے کہاکہ اگر عدالت میرے کلائنٹس سے ملاقات کرانے کی یقین دہانی کرا دے تو چلا جاتا ہوں۔ انہوں نے بانی اور بشریٰ بی بی سے ہدایات لینے کیلئے مہلت کی استدعا کی، عدالت نے مزید سماعت 6 اپریل تک ملتوی کر دی۔ ادھر سیشن کورٹس اسلام آباد میں وفاقی پولیس نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف آزادی مارچ کیس میں بریت کے باوجود نیا چالان جمع کرا دیا، بانی کے وکیل سردار مصروف اور زاہد بشیر نے عدالت میں بتایا کہ عدالتی تاریخ میں پہلی دفعہ دیکھ رہے کہ ملزم بری ہو اور دوبارہ چالان آ جائے ، عدالت بانی پی ٹی آئی کو 2024 میں بری کر چکی، 2025 میں دوبارہ چالان جمع کرا دیا گیا، وکلاء نے بریت کا آرڈر عدالت میں پیش کردیا، جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد نئے چالان والا کیس داخل دفتر کردیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں