کئی ممالک کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں مشکل،پاکستان کامیابی سے حل کررہا:شہباز شریف
معیشت کے استحکام و ترقی ،عوامی فلاح و بہبود کیلئے تمام ضروری اقدامات پر عزم انداز میں جاری رکھیں گے :وزیراعظم نوجوانوں کی تکنیکی و فنی تربیت کیلئے اقدامات تیز کریں،اجلاس سے خطاب، عالمی ڈیجیٹل آپریٹر کمپنی کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کے کئی ممالک کو حالیہ صورتحال کے تناظر میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے ، تاہم پاکستان اس صورتحال کو کامیابی اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے سنبھال رہا ہے ۔وزیراعظم نے خطے کی کشیدہ صورتحال کے معاشی و مالیاتی اثرات سے نمٹنے کیلئے جامع لائحہ عمل کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد کو برقرار رکھنے کیلئے بروقت اور مؤثر اقدامات کئے جو قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے بعد اضافی اشیائے خوردونوش کی برآمد کیلئے بھی جامع حکمت عملی پر پیشرفت جاری ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت معیشت کے استحکام، ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے تمام ضروری اقدامات عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے رجحان کے پیش نظر درمیانی اور طویل مدتی حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ ممکنہ معاشی اثرات کا مؤثر تدارک کیا جا سکے ۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ متعلقہ وزارتیں روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں جبکہ برآمدات، پیداواری لاگت اور مجموعی قومی پیداوار پر اثرات کم کرنے کیلئے اقدامات زیر غور ہیں۔دریں اثنا وزیراعظم نے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تحت شروع کئے گئے تربیتی پروگراموں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تکنیکی و فنی تربیت فراہم کرنے کیلئے اقدامات تیز کئے جائیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور وزارت خارجہ عالمی سطح پر روزگار کے مواقع کی نشاندہی کر چکے ہیں جبکہ پی ایم یوتھ ہب کو قومی و بین الاقوامی مواقع کیلئے مرکزی پلیٹ فارم بنایا گیا ہے ۔ آئی ٹی، صحت، تعمیرات، سیاحت اور لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں میں بیرون ملک روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیراعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن 282 جامعات کے فارغ التحصیل طلبہ کی ڈیجیٹل ٹریکنگ کر رہا ہے جس سے مستقبل کی تعلیمی پالیسی سازی میں مدد ملے گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے عالمی ڈیجیٹل آپریٹر کمپنی VEON گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کان ترزی اوعلو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آئی ٹی اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کے بعد معیاری انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔وفد کے سربراہ نے پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی رہائشگاہ جا کر ان کی خوشدامن کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔