ایران جنگ کے اثرات پوری دنیا پر ہونگے : اعتزاز احسن
نیا ورلڈ آرڈر50برس تک لاگو ہوگا ،امریکا اور حواری شامل نہیں ہونگے تیل کی جنگ سے سولر ، ونڈ انرجی سیکٹر کی مانگ بڑھے گی، مباحثے سے خطاب
لاہور (سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نیا ورلڈ آرڈر 50 برس تک لاگو ہوگا جس میں امریکا اور اس کے حواری شامل نہیں ہوں گے ،نئے ورلڈ آرڈر میں یہ نہیں ہوگا کہ میں ڈونلڈ ٹرمپ ہوں اور جس کو مرضی اٹھا لوں ۔جس ملک کو مرضی تباہ کر دوں۔وہ شہید بھٹو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ایران امریکا جنگ پر مباحثے سے خطاب کر رہے تھے ۔
اعتزاز احسن نے کہا ایران اور اسرائیل کی جنگ کے اثرات صرف خلیجی ممالک تک نہیں رہیں گے اس کے اثرات پوری دنیا پر ہوں گے ۔انہوں نے کہا تیل ایسی جنس ہے جس کو ہر ملک نے لینا ہے ۔مستقبل میں تیل کا کلیدی کردار ہے ،اس تیل کی جنگ سے سولر اور ونڈ انرجی سیکٹر کی مانگ بڑھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے خلاف جنگ اس کی طرف سے دہشتگردی کیخلاف ہورہی ہے جو ہمارا صحیح موقف ہے ،ہم نے چالیس سال افغانوں کو پناہ دی ،ان کے لیے سکول بنائے اور بے شمار فلاحی کام کیے ۔