فوڈ کنٹرولراسلام آباد،راولپنڈی میں کارروائی کیسے کرسکتا؟عدالت
کابینہ کا آرڈر کہاں ہے جس میں فوڈ کنٹرولر کو اتنے اختیارات دیئے گئے ،جسٹس انعام ڈیلیگیٹ پاور چیف کمشنر نے آگے کیسے دے دی،ریمارکس،تفصیلی رپورٹ طلب
اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے راولپنڈی کی حدود سے آٹے کے دوٹرکوں کو تحویل میں لے کر سیل کرنے کے خلاف کیس میں فوڈ کنٹرولر اسلام آباد کے اختیارات کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔گزشتہ روز درخواست گزار کی جانب سے راجہ علیم عباسی کے علاوہ سٹیٹ کونسل عبد الرحمن عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عدالتی حکم کے باوجود ڈی سی اسلام آباد نہ آئے ، عدالت نے فوڈ کنٹرولر اسلام آباد کے اقدامات پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا جہاں فوڈ کنٹرولر نے کارروائی کی وہ تو راولپنڈی کا دائرہ اختیار بنتا تھا اسلام آباد والا کیسے کارروائی کر سکتا ہے ، سٹیٹ کونسل نے کہا فوڈ کنٹرولر اپنے اختیارات کے تحت کارروائی کر سکتا ہے ،جسٹس انعام امین منہاس نے سٹیٹ کونسل سے کہا زبانی باتیں نہ کریں ریکارڈ کے ساتھ بتائیں،وفاقی کابینہ کا آرڈر کہاں ہے جس میں فوڈ کنٹرولر کو اتنے اختیارات دیئے گئے ہیں،آپکے پاس تو کوئی پاور ہی نہیں ہے آپ کیسے اتنی پاور استعمال کر سکتے ہیں ، جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے ہدایت کی کہ یہ ڈیلیگیٹ پاور چیف کمشنر نے آگے کیسے دے دی ہیں ، گزٹ نوٹیفکیشن لے کر آئیں ، بعدازاں سماعت 9 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔