حافظ نعیم کراچی کی ترقی کیخلاف، کھیل نہیں کھیلنے دینگے ،پی پی
ہمیشہ میگا پروجیکٹس کی مخالفت کر کے شہر کا نقصان کیا ،ترجمان سندھ حکومت عوام نعروں میں نہیں آئینگے ،شہر کو یرغمال بنانیکا دور ختم،اب کام ہوگا،سعدیہ جاوید
کراچی (آن لائن)سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب اور پیپلز پارٹی کی ترقیاتی پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی اور حافظ نعیم کے بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوے کہا ہے کہ یہ دونوں شہر کی ترقی کے مخالف ہیں، کراچی کو یرغمال بنانے کا دور اب ختم ہو چکا، اب صرف کام ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے مزید کہا کہ جو سیاسی رہنما اپنے ٹاؤنز میں بنیادی سہولیات جیسے کچرا اٹھانے کا انتظام نہیں کر سکتے وہ میئر بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی سیاست صرف ’’فوٹو سیشن‘‘اور پروپیگنڈے تک محدود ہے اور اس نے ہمیشہ میگا پروجیکٹس کی مخالفت کر کے کراچی کا نقصان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا حافظ نعیم کا مسئلہ شہر کی تباہی نہیں بلکہ میئر مرتضیٰ وہاب کی مقبولیت ہے ، جو شہر کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہ خود سیاسی تنہائی کا شکار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام اب جذباتی نعروں میں نہیں آئیں گے ، پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر موجود ہے ۔ سعدیہ جاوید نے اسٹیبلشمنٹ کا نام لینے کو سیاسی ناکامی چھپانے کا طریقہ قرار دیا اور واضح کیا کہ کراچی فیس بک پر نہیں بلکہ سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا میئر مرتضیٰ وہاب کے مشن کو بحالی کے لیے جاری رکھا جائے گا اور کسی کی دھمکی اس راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکے گی۔