سندھ : موٹر سائیکل مالکان کو سبسڈی کیلئے ڈیجیٹل رجسٹریشن نظام کا اجرا
موبائل ایپ تیار، 3روز میں فعال ہوجائیگی ،ہیلپ لائن قائم ،ایکسائز ٹیکس پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن ہو گی:مرادشاہ 1 شناختی کارڈ پر ایک فیول سبسڈی دی جائیگی ،3 ارب کا کسان سبسڈی پروگرام بھی اسی ہفتے شروع کرینگے ،پریس کانفرنس
کراچی (این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بڑھتی ایندھن قیمتوں کے اثرات کم کرنے کیلئے موٹر سائیکل مالکان کیلئے ہدفی فیول سبسڈی پروگرام کے تحت ڈیجیٹل رجسٹریشن نظام کا اجرا کر دیا۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام کمزور طبقات کو براہ راست مالی ریلیف دینے اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے جامع سبسڈی فریم ورک کا حصہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالک کو ماہانہ 2 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے ، جو تقریباً 20 لیٹر ایندھن کی سبسڈی کے برابر ہے۔ صرف وہی موٹر سائیکلیں اہل ہوں گی جو مالک کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہوں۔
رجسٹریشن کیلئے محکمہ ایکسائز نے آن لائن نظام متعارف کرایا ہے ، شہری قومی شناختی کارڈ نمبر اور بینک اکاؤنٹ (آئی بین) کے ذریعے درخواست دے سکیں گے ، جبکہ موبائل ایپ بھی تیار کر لی گئی ہے جو تین روز میں فعال ہو جائے گی۔ ایک ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو رہنمائی فراہم کی جا سکے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ موٹر سائیکل کی منتقلی پر 500 روپے فیس ختم کر دی گئی ہے اور ایک شناختی کارڈ پر صرف ایک سبسڈی دی جائے گی۔ سندھ بھر کے ایکسائز دفاتر 15 دن تک صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے تاکہ رجسٹریشن کا عمل تیز کیا جا سکے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 3 ارب روپے کا کسان سبسڈی پروگرام بھی اسی ہفتے شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ مجموعی سبسڈی فریم ورک میں بائیک سبسڈی کیلئے 13.4 ارب روپے، ٹرانسپورٹ سبسڈی کیلئے 14.3 ارب روپے ماہانہ اور کرایہ استحکام کیلئے 3 سے 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سبسڈی کی رقم براہ راست بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی اور شفافیت کیلئے مکمل ڈیجیٹل نظام اپنایا گیا ہے ، غلط معلومات دینے والوں کی ادائیگی روک دی جائے گی۔مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں 67 لاکھ موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ ریلیف صرف مستحق افراد تک پہنچے اور معاشی دباؤ کم کیا جا سکے۔