8ویں کے نتائج کا اعلان، پہلی تینوں پوزیشن طالبات کے نام

 8ویں کے نتائج کا اعلان، پہلی تینوں پوزیشن طالبات کے نام

دانش سکول کی طالبہ اقراخان اول،رومیسہ ایمان دوم اور فاطمہ کی تیسری پوزیشن 88 فیصد طلبہ کامیاب ، وزیراعلیٰ پنجاب کی مبارکباد، نتائج کیلئے پورٹل کا افتتاح

لاہور (خبر نگار،دنیا نیوز)پنجاب میں پیکٹا کے زیر اہتمام منعقدہ 8 ویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان، 88 فیصد طلبہ کامیاب ،پہلی تینوں پوزیشنز دانش سکولز کی طالبات نے حاصل کر لیں، دانش سکول میانوالی گرلز کی طالبہ اقراخان نے 364 نمبر لے کر پہلی،گرلز دانش سکول اٹک کی رومیسہ ایمان نے 358اعشاریہ5 نمبر لے کر دوسری اور دانش سکول گرلز حاصل پور کی طالبہ فاطمہ بی بی نے 358 نمبر لے کر صوبہ بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی،وزیراعلیٰ نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کی ہے دوسری طرف وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے نتائج دیکھنے کیلئے پورٹل pectaa.edu.pk کا افتتاح کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب ایگزیمینیشن کمیشن کے تحت منعقد ہ پبلک سکولوں کے ہشتم امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔اس حوالے سے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب کے 10 لاکھ کے قریب طلبہ نے آٹھویں کا امتحان دیا، رزلٹ 30 دنوں کی ریکارڈ مدت میں تیار کیا گیا، پاکستان میں پہلی مرتبہ ٹیکنالوجی کے ذریعے مشین مارکنگ کی گئی اورپیپر چیکنگ میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ،شفافیت یقینی بنانے کیلئے پرچوں پر کیو آر کوڈ بھی لگایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میٹرک اور انٹر کے پرچوں میں بھی مشین مارکنگ ہوگی، اسسمنٹ ٹیم کو اعزازیہ دیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کامیاب طلبا کو مبارکباد دی ہے ۔واضح رہے کہ رزلٹ ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے ، آٹھویں جماعت کا مجموعی نتیجہ 88 فیصد رہا۔ پنجاب میں طویل عرصہ بعد بورڈ طرز پر آٹھویں کے امتحان بحال ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں