ایک اور جہاز 57ہزار 815میٹرک ٹن پٹرول لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا
کراچی (کامرس رپورٹر) ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی مستحکم بنانے کیلئے درآمدی پٹرول کا ایک اور جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا ہے، جس سے توانائی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاپ نامی بحری جہاز 57 ہزار 815میٹرک ٹن پٹرول لے کر پورٹ قاسم کے آؤٹر اینکریج پر پہنچ چکا ہے ، جہاں سے جلد کارگو کی برتھنگ اور منتقلی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ دستاویزات کے مطابق اس سے قبل ایم ٹی کیفان نامی جہاز 42 ہزار میٹرک ٹن پٹرول لے کر پورٹ قاسم پہنچا تھا، جو فوٹکو ٹرمینل پر برتھنگ کے بعدپٹرول کی منتقلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ درآمدی پٹرول کی مسلسل آمد سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذخائر میں بہتری آئے گی اور سپلائی چین مزید مستحکم ہوگی۔